پی سی بی قومی کرکٹرز کو مالی نقصان پہنچانے کے در پے

 لاہور:  پی سی بی قومی کرکٹرز کو مالی نقصان پہنچانے کے درپے ہو گیا جب کہ بچت پروگرام کی آڑ میں سینٹرل کنٹریکٹ پانے والوں کی تعداد 33سے15یا20 کرنے پرغور ہونے لگا۔

یکم جولائی 2018کو شروع ہونے والے گذشتہ مالی سال کے سینٹرل کنٹریکٹ جون 2019تک کے تھے،اس میں 33کرکٹرز کو اے، بی، سی، ڈی اور ای کیٹیگریز میں تنخواہیں دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

رواں سال انضمام الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کا اپنا مستقبل ہی ڈانواں ڈول ہے،اس لیے معاہدوں کا مرحلہ مکمل کرنے میں بھی تاخیر ہوسکتی ہے، سلیکٹرز کا نیا پینل کرکٹرز کے ناموں پر غور کرتے ہوئے حتمی فہرست مرتب کرے گا، ذرائع کے مطابق اس بار 15سے 20کرکٹرز ہی معاہدے کے حقدار بن سکیں گے۔ گزشتہ سال ابھرتے ہوئے 7کھلاڑیوں کو ای کیٹیگری میں کنٹریکٹ دیے گئے تھے، اس بار صرف اے، بی، سی اور ڈی کیٹیگریز شامل ہوں گی۔

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں خواتین کرکٹرز کو 6ماہ کے بجائے ایک سال کے کنٹریکٹ دیے گئے لیکن تعداد صرف 10ہوگئی،اسی انداز میں مرد کرکٹرز کے معاہدوں میں بھی کمی ہوگی۔

گزشتہ سال کی اے کیٹیگری میں شامل شعیب ملک، بی سے محمد حفیظ اور فہیم اشرف ، سی سے جنید خان، ڈی سے رومان رئیس،عثمان صلاح الدین،حسین طلعت اور راحت علی کے معاہدوں کو خطرات لاحق ہیں، گذشتہ سال ای کیٹیگری میں شامل کیے جانے والے شاہین شاہ آفریدی کی ترقی ہو جائے گی۔

The post پی سی بی قومی کرکٹرز کو مالی نقصان پہنچانے کے در پے appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں