بھارت میں بنگال ٹائیگر کی موٹر سائیکل سواروں پر جھپٹنے کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جسے موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھے شخص نے فلم بند کیا ہے۔
مختصر سی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیمرا آن ہے اور روڈ پر موٹر سائیکل رواں دواں ہے کہ اچانک گھنے جنگل سے ایک ٹائیگر برآمد ہوتا ہے اور خونخوار انداز میں موٹر سائیکل کی جانب دوڑتا ہے اور اس کے بعد دوبارہ جنگل میں غائب ہوجاتا ہے۔
یہ واقعہ جنوبی بھارت کے نگرہول نیشنل پارک میں پیش آیا جو 72 بنگالی ٹائیگروں کا گھر ہے اور ویڈیو میں ایسے ہی ایک ٹائیگر کو موٹر سائیکل کی جانب دوڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ٹائیگر کی پوری کوشش تھی کہ وہ موٹر سائیکل سوارون کو پکڑسکے۔
رواں سال کے آغاز میں اسی پارک میں خونخوار ٹائیگروں نے تین افراد کو مار دیا تھا جس کے بعد پارک کے عملے نے ان ٹائیگروں کو بے ہوش کرکے دوسری جگہ منتقل کیا تھا۔
سال 2015ء میں اسی علاقے میں دو کسانوں کو بھی جانوروں نے بھنبوڑ کر مارڈالا تھا جبکہ 2013ء میں اس کے پڑوس میں واقع باندی پور کے علاقے میں چار افراد کو ٹائیگروں نے لقمہ اجل بنایا تھا۔
بنگال ٹائیگر کی نسل کو شدید خطرات لاحق ہیں اور آئی یو سی این کے مطابق ان جانوروں کو سرخ فہرست یا ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے تاہم بھارتی پارک میں جگہ جگہ انسانی آبادیاں موجود ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہاں جانی نقصان کے واقعات عام ہیں۔
The post بھارت کے نیشنل پارک میں ٹائیگر کی موٹر سائیکل سواروں پر جھپٹنے کی ویڈیو وائرل appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب