برمنگھم: آسٹریلوی بیٹسمین اسٹیون اسمتھ رنز کی ایک برس پرانی بھوک تیزی سے مٹانے لگے، بال ٹیمپرنگ میں پابندی ختم ہونے کے بعد اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں دوسری سنچری جڑدی۔
اسٹیون اسمتھ نے ایجبسٹن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 142 رنز بنائے، یہ ان کی گذشتہ 10 ایشز اننگز میں چھٹی سنچری جبکہ انگلینڈ سے تاریخی سیریز میں مجموعی طور پر 10 ویں تھری فیگر اننگز ہے، ان میں سے انھوں نے 5 سنچریاں اپنے ملک جبکہ باقی 5 انگلینڈ میں اسکور کی ہیں۔
سب سے زیادہ ایشز سنچریوں میں انھوں نے سابق کپتان اور موجودہ ٹیم مینٹور اسٹیووا کو جوائن کرلیا ہے، اب بریڈمین (19) اور جیک ہوبز (12) ان سے آگے ہیں۔ بریڈمین اور وا کے علاوہ ایلن بورڈر اور مارک ٹیلر وہ دوسرے آسٹریلوی بیٹسمین ہیں جنھیں انگلینڈ میں 5 یا اس سے زائد ٹیسٹ سنچریاں اسکورکرچکے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انگلینڈ 2015 کے ٹرینٹ برج ٹیسٹ کی دوسری اننگز کے بعد سے اب تک اسمتھ کوسرخ بال کی کرکٹ میں50 سے کم اسکور پر آؤٹ نہیں کرسکا ہے، مجموعی طور پر یہ اسمتھ کی 65 ٹیسٹ میچز میں25 ویں سنچری ہے۔ وہ کسی بھی ایشز ٹیسٹ کی دونوں اننگزمیں سنچری اسکور کرنے والے آسٹریلیا کے پانچویں بیٹسمین ہیں، ان سے قبل وارین بریڈسلے، آرتھر مورس، اسٹیو وا اور میتھیو ہیڈن یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
آخری مرتبہ ہیڈن نے 2002 میں ایک ایشز ٹیسٹ میں 2 سنچریاں بنائی تھیں۔ اسمتھ انگلینڈ میں کسی بھی ٹیسٹ سیریز کے ابتدائی میچ میں 2 سنچریاں اسکور کرنے والے تیسرے مہمان بیٹسمین اور ان سے قبل 70 برس کے دوران اور کوئی یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکا۔ آخری مرتبہ ایلن میلویل نے 1947 اور اس سے پہلے جارج ہیڈلے نے 1939 میں سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں 2 سنچریاں بنائی تھیں۔
اسمتھ ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں 140 یا زائد اسکور کرنے والے چوتھے بیٹسمین ہیں، ان سے قبل ایلن بورڈر، اینڈی فلاور اور تلکارتنے دلشان یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
The post اسٹیون اسمتھ رنز کی پرانی بھوک تیزی سے مٹانے لگے appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل