ریو ڈی جنیرو: برازیل میں ایک عادی مجرم نے ملاقات کے لیے آنے والی بیٹی کو قید خانے میں روک کر خود اس کے بھیس میں فرار ہونے کی کوشش کی لیکن اس کی ذہانت بھری تدبیر اس کے کسی کام نہ آسکی اور وہ جیل خانے سے باہر نکلنے سے پہلے ہی دھرلیا گیا۔
معروف گینگ لیڈر کلاوینو ڈی سِلوا جیل میں ایک عرصے سے قید تھا اور اس کی بیٹی اس سے ملاقات کے لیے آتی تھی۔ ایک روز اس کی بیٹی جب ملاقات کے لیے آئی تو اپنے ساتھ لڑکی کے کپڑے، اپنے ہی چہرے سے مشابہت والا ماسک اور طویل بالوں کی وِگ بھی لے کر آئی۔
منصوبے کے تحت مجرم کی 19 سالہ لڑکی کو جیل میں ہی رک جانا تھا اور اپنے باپ کا حلیہ بدلواکر اسے جیل سے باہر بھجوانا تھا۔ اگرچہ سب کچھ منصوبے کے تحت ہوا لیکن اس چالاکی کے باوجود کلاوینو پکڑا گیا۔
کلاوینو عرف ’چھوٹو‘ نے اپنی بیٹی کے کپڑے پہنے، ماسک لگایا اور وگ پہن کر بار نکلا ۔ تاہم جیل کے اہلکاروں نے اسے دیکھا کہ وہ جھجھکتے ہوئے دوسروں کو نظر انداز کررہا ہے۔ اس کے بعد ریو ڈی جینیرو کے مغرب میں واقع گیریسینو جیل کی انتظامیہ نے اسے روک لیا اور شناخت ظاہر ہونے پر اسے گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب اس کی 19 سالہ بیٹی جیل میں ہی رہ گئی اور اب اس سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ پولیس نے حلیہ بدلے ہوئے مجرم کی ویڈیو اور تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ تصویر میں ایک سلیکن ماسک، کارٹون والی ایک گلابی ٹی شرٹ اور سیاہ لمبے بالوں کی ایک وِگ دیکھی جاسکتی ہے۔
کلاوینو ڈی سِلوا برازیل کے سب سے خطرناک گروہ ریڈ کمانڈ کے رکن ہیں اور ان کا گروپ شہر کےبڑے حصے میں منشیات اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔ تاہم اب انہیں مزید سخت سیکیورٹی میں رکھا گیا ہے اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی پر غور ہورہا ہے۔
The post برازیلی گینگ کا سربراہ جیل سے خاتون کے حلیے میں فرار ہوتے ہوئے دھرلیا گیا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب