لاہور: پاکستان ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا کی میزبانی کیلیے پُرعزم ہے تاہم سری لنکا کا سیکیورٹی وفد آج پاکستان آئے گا۔
پاکستان رواں سال اکتوبر میں سری لنکا کی ٹیسٹ چیمپئن شپ میچز میں میزبانی کا خواہاں ہے،انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے ایک وفد کراچی اور لاہور کا دورہ کرے گا، سربراہی سری لنکا کرکٹ کے اعزازی سیکریٹری موہن ڈی سلوا کررہے ہیں، چیف سیکیورٹی ایڈوائزز ایئر چیف مارشل روشن گونے تلیکے،ایس ایل سی کے ہیڈ آف انٹرنیشنل کرکٹ چمندا ماپوتونا اور اسسٹنٹ منیجر اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی مدیان سلیگے پاتھیلانا بھی ہمراہ ہوں گے۔
مہمان وفد بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں انتظامات کا جائزہ لے گا، اگلے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ شیڈول ہے،اس دوران مہمانوں کو بریفنگ دی جائے گی، سیکیورٹی پلان پر مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بریفننگ بھی ہوگی، رپورٹ کی روشنی میں سری لنکن ٹیم کو پاکستان بھجوانے کا فیصلہ ہوگا۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کہاکہ سری لنکن وفد کا دورہ پاکستان کیلیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،یہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہیں مکمل طور پر کھولنے میں مددگار ثابت ہوگا،پی ایس ایل میچز کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو غیر ملکی کرکٹرز اور اداروں نے سراہا،پاکستان اب کسی بھی کرکٹ کھیلنے والے ملک کی طرح ہی محفوظ ہے۔
انھوں نے کہا کہ سری لنکن وفد کی رپورٹ کے بعد بورڈ سے بات چیت شروع کریں گے، امید ہے کہ آئی لینڈرز کو سیریز کے دونوں ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے پر آمادہ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
The post ٹیسٹ سیریز: پاکستان، سری لنکا کی میزبانی کیلیے پُرعزم appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل