لاہور: علیم ڈار اور ولسن کی امپائرنگ شدید تنقید کی زد میں آگئی جب کہ ایجبسٹن ٹیسٹ کے ابتدائی2روز میں 10غلط فیصلے سامنے آ چکے۔
ایجبسٹن ٹیسٹ کے دوسرے ہی اوور میں علیم ڈار نے اسٹورٹ براڈ کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کا کیچ نہ دیا، جوئے روٹ ریویو لیتے تو انگلینڈ کو وکٹ حاصل ہوجاتی،پیسر نے وارنر کو ایل بی ڈبلیو کیا تو گیند باہر جانے کے باوجود علیم ڈار نے انگلی کھڑی کردی، اس بار آسٹریلیا نے تھرڈ امپائر سے رجوع نہ کیا اور وکٹ گنوانا پڑی، کرس ووئیکس کی گیند پر جوئیل ولسن نے عثمان خواجہ کا کیچ نہ دیا،ریویو میں فیصلہ غلط ثابت ہوا۔
علیم ڈار نے اسٹیون اسمتھ کو غلط ایل بی ڈبلیو دیا، یہ فیصلہ بھی تھرڈ امپائر سے رجوع کرنے پر تبدیل ہوا،کرس ووئیکس کی گیند پر جوئیل ولسن نے متیھیو ویڈ کو ایل بی ڈبلیو نہیں دیا،یہ فیصلہ بھی تبدیل ہوگیا۔
علیم ڈار نے اسٹورٹ براڈ کی باہر جاتی گیند پر جیمز پیٹنسن کو ایل بی ڈبلیو دیا، آسٹریلیا کی جانب سے ریویو نہ لینے کی وجہ سے وکٹ گنوانا پڑی،جوئیل ولسن نے کرس ووئیکس کی گیند پر پیٹر سڈل کو ایل بی ڈبلیو دیا، تھرڈ امپائر سے رجوع کرنے پر یہ فیصلہ بھی درست ثابت نہیں ہوا۔
پہلے روز امپائرز نے کم از کم 7غلط فیصلے کیے، ان میں سے 4علیم ڈار کے تھے، اگلے روز بھی جوئیل ولسن نے ناتھن لیون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو نہیں دیا،انھوں نے جوئے روٹ کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ قرار دیا حالانکہ گیند اسٹمپس سے ٹکرا کر گئی تھی،بیلز نہ گرنے پر وکٹ بچ گئی فیصلہ ریویو سے تبدیل ہوا، گیند جوئے روٹ کے بیٹ سے لگنے کے باوجود علیم ڈار نے ایل بی ڈبلیو دیدیا۔
دوسرے دن ابتدائی سیشن میں ہی دونوں امپائرز کے غلط فیصلوں کی تعداد5،5 ہوچکی تھی،اس پر ٹی وی مبصرین بھی حیرت کا اظہار کرتے رہے، انگلش اخبارات کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی تنقید کا طوفان اٹھا، علیم ڈار اور جوئیل ولسن کی کارکردگی پر طنزیہ جملے کسنے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
The post علیم ڈار اور ولسن کی امپائرنگ شدید تنقید کی زد میں آگئی appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل