سری لنکا کا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کیلیے سیکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان

کراچی: سری لنکن کرکٹ بورڈ کے اعزازی سیکریٹری جنرل موہن ڈی سلوا نے پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

سری لنکا کرکٹ بورڈ کے اعزازی سیکریٹری جنرل موہن ڈی  سلوا نے پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کے سلسلے میں کراچی میں سیکوریٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکا کرکٹ ٹیم پر دہشت گرد حملے کے سبب  ہماری قوم کو بہت سے تحفظات تھے، ان ہی تحفظات کے سبب  حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے پاکستان آئے ہیں، مقامی حکام نے اس حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی ہے، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ پاکستان کے ساتھ اپنی کمٹمنٹ پوری کریں۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے دورے کے موقع پر ان کے ہمراہ وفد کےارکان اور پی سی بی کے ڈائریکریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان بھی موجود تھے۔ موہن ڈی سلوا نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہوں کہ ہمیں دورے کی دعوت دی، ہم اپنے سینیئر افسران کے ساتھ یہاں آئے ہیں، ہمیں جو بریفنگ دی گئی، اس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں، جمعرات کو  وفد کو لاہور میں حکام سیکوریٹی اقدامات پر بریفنگ دیں گے جب کہ وفد قذافی اسٹیڈیم کا بھی تفصیلی دورہ کرے گا، انہوں نے کہا کہ ہم واپس سری لنکا جا کر اپنی رپورٹ مرتب کریں گے اور پی سی بی کو آگاہ کریں گے، اکتوبر کی سیریز کے میچز پاکستان میں کرانے کا فیصلہ سیکیورٹی رپورٹ کی بنیاد پر ہوگا، وفد نے نیشنل اسٹیڈیم پہنچ کر گراونڈ کا دورہ کیا اور مختلف انکلوژرز  کا جائزہ لیا۔

بعدازاں وفد کے ارکان کو ایس ایس یو کی جانب سے ٹیم کو ہوٹل سے اسٹیڈیم لانے واپس لے جانے کے لیے سیکوریٹی قافلہ کی تفصیل سے آگاہ  کیا گیا، وفد نے مرکزی عمارت کا جائزہ بھی لیا اور جاری تزئین و آرائش کے کام  پر آگاہی حاصل کی، موہن ڈی سلوا اپنے موبائل کیمرے سے ذاتی طور پر ویڈیو بھی بناتے رہے، کمیٹی روم  میں  دی جانے والی بریفنگ میں وفد کو سیکورٹی انتظامات سے آگاہ کیا گیا، قبل ازیں  وفد نے سینٹرل پولیس آفس  پہنچ کر کمانڈاینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا ، اجلاس میں آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو سیکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی ، وفد میں چیف سیکوریٹی ایڈوائز ایئر مارشل روشن گوناتیلکے، انٹرنیشنل کرکٹ کے نگران چندی ماپاتونا اور اسٹنٹ منیجر اینٹی کرپشن و سکیوریٹی مودیا سیلا گے پالیتھا بھی  شامل ہیں، سیریز کے  میچز عالمی ٹیسٹ چیمپئین شپ  کا حصہ ہیں،ٹیسٹ میچ  اکتوبر میں کراچی اور لاہور میں کرانے کی تجویز ہے۔

The post سری لنکا کا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کیلیے سیکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں