بوڑھی خاتون سے رحم دلی کا مظاہرہ: پلمبر کے لیے 99 ہزار ڈالرکےعطیات

 لندن: نیکی کبھی ضائع نہیں جاتی اور ایسا ہی ایک واقعہ برطانوی پلمبر کے ساتھ بھی ہوا جس نے 91 سالہ بوڑھی خاتون کے گھر میں پلمبنگ کا کام بلامعاوضہ کردیا جسے پوری دنیا میں سراہا گیا ہے۔

جیمز اینڈرسن نے کینسر کی شکار ایک بوڑھی خاتون کا بوائلر ٹھیک کردیا اور ان سے کوئی معاوضہ بھی نہیں لیا۔ اس خاتون کی عمر 91 برس تھی۔ جب یہ خبر سوشل میڈیا پر مشہور ہوئی تو معلوم ہوا کہ اینڈرسن ایک چھوٹی سی تنظیم بھی چلا رہے ہیں جو بوڑھے، بے سہارا اور معذور افراد کی مدد کرتی ہے۔ اس خبر سے متاثر ہوکر لوگوں نے انہیں 99 ہزار ڈالر کی رقم عطیہ کی ہے تاکہ وہ خوش اسلوبی سے فلاح و بہبود کا کام کرسکیں۔

ان کے تمام صارفین جیمز اینڈرسن کو ’پلمبر کے لباس میں فرشتہ‘ کہتے ہیں۔ اسی بنا پر لوگوں نے 99 ہزار ڈالر کی رقم عطیہ کردی ہے اور اب اس کے بدلے اینڈرسن نے پورے ملک میں مفت سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

2017 میں جیمز اینڈرسن نے شدید نقصان کے بعد اپنا ذاتی کاروبار بند کردیا تھا اور ’’ڈیفر‘‘ نامی ایک غیرنفع بخش کمپنی بنائی جو ضرورت مندوں کی مدد کررہی ہے۔ اس کے بعد سے وہ لنکاشائر میں 2000 ایسے افراد کو انتہائی بارعایت پلمبنگ سروس فراہم کرچکے ہیں جو کسی بھی وجہ سے اس کا خرچ برداشت نہیں کرسکتے۔ لیکن اس کے لیے کراؤڈ فنڈنگ اور لوگوں کے عطیات کی ضرورت ہوتی ہے۔

لیکن لوگوں کے کم عطیات ملے اور وہ اب تک 10 ہزار ڈالر کے مقروض ہوچکے ہیں۔ لیکن 91 سالہ خاتون کی مدد کے بعد ان کی نیکی کی خبر ہر سو پھیلی اور لوگوں نے دل کھول کر ان کی مالی مدد کی ہے۔ اب تک ان کی تنظیم کےلیے ایک لاکھ ڈالر کی رقم موصول ہوچکی ہے۔

’میں چاہتا ہوں کو برطانیہ کی سردی میں کوئی بوڑھا، لاوارث اور معذور گرم گھر اور پانی سے محروم نہ رہے۔ میں نے پورے ملک میں ایسے پلمبروں سے مدد کی درخواست کی ہے اور ان سے حوصلہ افزا جواب ملا ہے،‘ جیمز نے بتایا۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں گھر کو گرم رکھنے والے بوائلر کی مرمت پر خاصی رقم خرچ ہوتی ہے اور کم آمدنی، تنہا افراد، بوڑھے اور معذور لوگ اس رقم کو ادا کرنے سے قاصررہتے ہیں۔

The post بوڑھی خاتون سے رحم دلی کا مظاہرہ: پلمبر کے لیے 99 ہزار ڈالرکےعطیات appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں