لاہور: کرکٹ میلے نے لاہور کی شاہراؤں کا حسن بڑھا دیا جب کہ پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹرز کی دیو قامت تصاویر راہگیروں کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی دیوقامت تصاویر سڑکوں سے گزرنے والوں کی توجہ کا مرکز بن رہی ہیں ،گلبرگ کے مین بلیوارڈ لبرٹی چوک اور ایل سی سی اے کے باہر چوراہے کے اطراف اور قذافی اسٹیڈیم میں داخل ہونیوالے راستوں پر فلیکس موجود ہیں۔
نشتر اسپورٹس کمپلیکس کے صدر دروازے پر پاکستان اور سری لنکا کے قومی پرچم اپنی بہار دکھانے کے ساتھ دونوں ملکوں کی پائیدار دوستی کی گواہی دے رہے ہیں، سٹرکوں پر ٹکٹ فروخت کرنے والی کوریئر کمپنی کی جانب سے فلیکسز بھی نمایاں نظر آ رہے تھے، اس میں شائقین کو میچ دیکھنے کیلیے اسٹیڈیم کا رخ کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ٹکٹ دستیاب ہونے کا بھی بتایا گیا تھا۔
دوسری طرف راستوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے، پاکستان کرکٹ ٹیم ٹریننگ کیلیے فائیو اسٹار ہوٹل سے قذافی اسٹیڈیم کیلیے روانہ ہوئی توسخت ترین حفاظتی حصار قائم تھا، ٹریفک کو عام شہریوں کیلیے بند کر دیاگیا تھا، روٹ پر موجود عمارتوں پر مشاق اسنائپرز کی خدمات بھی حاصل تھیں، پورے روٹ میں ہونیوالی حرکات پر نظر رکھنے کیلیے سڑکوں پر روشنیوں کا سیلاب رات میں بھی دن کا منظر پیش کرتا رہا۔
ٹیموں کی پریکٹس کیلیے اسٹیڈیم کے دونوں طرف مجموعی طور پر 8 پچز بنائی گئی تھیں، پاکستانی کرکٹرز نے 3بجے جبکہ سری لنکن ٹیم نے رات 7بجے قذافی اسٹیڈیم کا رخ کیا،کپتانوں نے الگ، الگ پریس کانفرنس بھی کی۔
The post کرکٹ میلے نے لاہور کی شاہراؤں کا حسن بڑھا دیا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل