کراچی: سالانہ نیشنل ویمن جونیئرچیمپئن شپ کا ٹائٹل سندھ یونٹ نے 556 پوائنٹس کے ساتھ اپنے نام کرلیا۔
سوئمنگ چیمپئن شپ کے 6 ایونٹس میں سندھ، پنجاب، فیڈرل، واپڈا، پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی87 کھلاڑیوں نے حصہ لیا، پاکستان نیوی 321 پوائنٹس کے ساتھ رنر اپ جبکہ واپڈا281 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، تفصیلات کے مطابق سندھ ویمنز سوئمنگ ایسوسی ایشن اور پاکستان ویمنز سوئمنگ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام میکڈونلڈ اور اینگرو کے تعاون سے کراچی جیم خانہ میں 19 ویں نیشنل ویمنز جونیئرسوئمنگ چیمپئن شپ 2019 کی اختتامی تقریب ہوئی، تقریب میں بطور مہمان خصوصی چیف آفیسر میکڈونلڈ پاکستان جمیل مغل، سندھ ویمنز سوئمنگ ایسوسی ایشن کی وائس پریزیڈنٹ ماہ رخ ملک، پاکستان سوئمنگ فیڈریشن کی صدر وینا مسعود نے شرکت کی۔
2 روزہ سوئمنگ چیمپئن شپ میںسندھ، پنجاب، فیڈرل، واپڈا، پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی87 کھلاڑیوں نے حصہ لیا، نیشنل ویمن جونیئرچیمپئن شپ کا ٹائٹل 556 پوائنٹس کے ساتھ سندھ نے اپنے نام کیا، پاکستان نیوی 321 پوائنٹس کے ساتھ رنر اپ جبکہ واپڈا 281 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، گروپ چیمپئن ایج گروپ انڈر 10 میں فاطمہ سلمان، انڈر 11 سے 12 میں صبا امین، انڈر 13 سے 14 میں فاطمہ لوٹیا، انڈر 15 سے 16 میں جہاں آرا نبی نے گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔
چیمپئن شپ کے 60 مقابلوں میں 4 ایج گروپس سے 17 ریکارڈز بنائے گئے، صبح کے سیشن میں ایج گروپ انڈر 10 سے آرمی کی فاطمہ سلمان نے 50 میٹر فری اسٹائل، 50 میٹر بریسٹ اسٹروک، 100 میٹر بریسٹ اسٹروک، 50 میٹر بٹر فلائی میں نیا ریکارڈ قائم کیا، واپڈا کی اومانی ذیشان نے 100 میٹر فری اسٹائل، 100 میٹر بیک اسٹروک میں نیا ریکارڈ قائم کیا، انڈر 10 میں سندھ کی ٹیم نے 4 انٹو 100 میٹر فری اسٹائل رلے میں عنایت سید، منہا ریاض اور مہر مقبول نے نیا ریکارڈ بنایا، ایج گروپ 11 سے 12 میں سندھ ٹیم نے 4 انٹو 100 میٹر فری اسٹائل رلے میں حیا عدنان، فاطمہ ودود، صبا امین، شہازرے ممتاز نے ریکارڈ قائم کیا جبکہ سندھ ٹیم کی ایج گروپ 11 سے 12 میں 4 انٹو 100 میڈلے رلے میں حیا عدنان، شہازرے ممتاز، صبا امین اور فاطمہ ودود نے ریکارڈ قائم کیا۔
سندھ ٹیم نے ایج گروپ 13 سے 14 میں 4 انٹو 100 فری اسٹائل رلے میں زہرہ فرحان، ایمان ساجد، علی فیا ہاشمی، ساشا انا، اظفر میر نے ریکارڈ بنایا، سندھ ٹیم نے 4 انٹو 100 میڈلے رلے میں فاطمہ لوٹیا، ایمان زبیر، زاریہ بٹ اور میرال رسول نے ریکارڈ توڑا، ایج گروپ 15 سے 16 میں 200 میٹر، 400 میٹر اور 800 میٹر فری اسٹائل میں جہاں آرا نبی نے ریکارڈ بنایا جبکہ 50 میٹر بیک اسٹروک میں اریشہ کاری نے ریکارڈ قائم کیا، سندھ ٹیم 4 انٹو 100 میٹر فری اسٹائل رلے میں الیشہ موتی والا، اریشہ لاری، سرینہ دیوان اور زاہا شیخ نے ریکارڈ بریک کیا، سندھ ٹیم کی 4 انٹو 200 میٹر فری اسٹائل میں سرینہ دیوان، اریشہ لاری، اریشہ موتی والا اور زاہا شیخ نے ریکارڈ بریک کیا۔
فاتح کھلاڑیوں کو گولڈ اور سلور میڈلز اور ایوارڈز سے نوازا گیا، قبل ازیں تقریب میں شریک مہمانوں نے سوئمنگ چیمپئن شپ کے انعقاد کو سراہا ان کا کہنا تھا کہ ہر سال یہ مقابلے کرائے جاتے ہیں جو کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ان چیمپئنزکو بیرون ممالک میں کھیلے جانے والے گیمز میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرتے ہیں اور نوجوانوں میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں، مقررین نے مقابلے میں حصہ لینے والوں اور فاتح کھلاڑیوں کو مبارکباد بھی پیش کی۔
The post نیشنل ویمن جونیئرسوئمنگ چیمپئن شپ سندھ نے جیت لی appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل