لاہور: آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈبیو کرنے والے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سلیم جعفر نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ایونٹ میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت روحیل نذیر کریں گے۔
حیدر علی نائب کپتان ہوں گے،دیگر کھلاڑیوں میں عبدالواحد بنگلزئی، محمد شہزاد، محمد حارث اور محمد حریرہ،محمد عرفان خان، عباس آفریدی، فہد منیر اور قاسم اکرم ،عامر علی، آرش علی خان، عامر خان اور طاہر حسین بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
اعجاز احمد ہیڈ کوچ منیجر جبکہ راؤ افتخار انجم باؤلنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ایونٹ آئندہ سال 17 جنوری سے 9 فروری تک جنوبی افریقا میں کھیلا جائے گا۔قومی انڈر 19 ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 19 جنوری کو کھیلے گی۔
پریس کانفرنس میں چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ، سری لنکا سیریز اور ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ پرفارم کرنے والے پلیئرز کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، امید ہے یہ کھلاڑی ورلڈ کپ کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو لڑکے سکواڈز کا حصہ بننے میں کامیاب نہیں ہوسکے انہیں دلبرداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے، مستقبل میں ان کو بھی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا جائے گا۔چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم چھ بار سیمی فائنل جبکہ دو بار ورلڈ کپ جیت چکی ہے، امید کرتا ہوں کہ اس بار بھی گرین شرٹس ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں گے۔
The post انڈر 19 ورلڈکپ کیلیے قومی اسکواڈ کا اعلان، نسیم شاہ بھی شامل appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل