کرناٹک: بھارت کے ایک کسان نے فصلوں کو تباہ کرنے اور دن رات پریشان کرنے والے حملہ آوربندروں کا ایک دلچسپ علاج تلاش کرتے ہوئے اپنے کتے کو خاص انداز سے پینٹ کرکے ٹائیگر کا روپ دیدیا اور اس کے بعد بندروں کے حملوں میں کمی آگئی ہے۔
کرناٹکا کے سری کانت گوڈا، شیوموگا کے علاقےمیں کھیتی باڑی کرتے ہیں اور ان کی حالیہ اختراع نے دنیا بھر کی شہ سرخیوں میں جگہ پائی ہے۔ ان کا پالتو کتا پہلے ہی سرخ رنگ کا تھا اور اس کے بعد انہوں نے پینٹ لے کر اس پر ٹائیگر کی طرح سیاہ دھاریاں بنادیں اور وہ ہو بہو وہ کسی شیر کی طرح دکھائی دینے لگا۔
سری کانت ایک بڑے رقبے پر کاشت کاری کرتے ہیں جس پر کھڑی فصلوں کو شریر بندروں کے غول کے غول تباہ کردیتےہیں۔ انہیں روکنے کے لیے سری کانت نے ٹائیگر کی بڑی بڑی تصاویر بھی لگائی ہیں جس سے کچھ فائدہ ہوا اور اب انہوں نے اپنے پالتو کتے کو ٹائیگر کر بہروپ دیا ہے جس سے سہم کر بندر دور دور رہتے ہیں۔ دوسری جانب خود سری کانت کی بھی یہ خواہش رہی کہ وہ ذاتی طور پر ٹائیگر پال سکیں لیکن ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوئی لیکن اتنا ضرور ہوا ہے کہ انہوں نے اپنے کتے کو ویسا ضرور بنادیا ہے۔
اس سے قبل سری کانت نے پورے قد والا ٹائیگر کا کھلونا بھی کھیت میں رکھا تھا لیکن بندر اسے خاطر میں نہیں لائے تاہم کتے کو تبدیل کرنے سے بندر خوفزدہ رہنے لگے ہیں۔ اب دیگر کسان بھی ان کی اس تدبیر کو آزمانے کے لیے سوچ رہے ہیں تاکہ علاقے میں موجود بندروں کی بڑی تعداد سے فصلوں کو تباہ ہونے سےبچایا جاسکے۔
The post کسان نے حملہ آور بندروں کو بھگانے کے لیے کتے کو ٹائیگر کا روپ دیدیا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب