کراچی: کورونا وائرس کے باعث ویمنز کرکٹ کی معطل سرگرمیوں کا 8 اکتوبر سے دوبارہ سے آغاز ہورہا ہے۔
حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر اور نیشنل اسٹیڈیم میں ہائی پرفارمنس کیمپ کے لیے طلب کردہ 27 ویمن کرکٹرز 24 روزہ کیمپ میں اپنی فٹنس اور اسکلز میں بہتری لانے کے ساتھ میچ پریکٹس کے لیے مشقیں کریں گی، ملک میں ویمنز کرکٹ کی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز پر قومی ویمن کرکٹرز نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
پی سی بی ڈیجٹل سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ 7 سے 8 ماہ کے تعطل کے بعد ویمنز کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے پر وہ بہت خوش ہیں، کھیل کا ردھم جہاں سے ٹوٹا تھا اب اسے وہی سے جوڑنے کا وقت آگیا ہے، آسٹریلیا کے ڈیوڈ ہیمپ کی بطور ہیڈ کوچ تقرری کے بعد ہم سب ان کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہیں، بطور کپتان وہ چاہتی ہیں کہ پاکستان ویمن ٹیم دنیا کی پہلی 4 بہترین ٹیموں میں شامل ہو، اس لحاظ سے ان کے ذہن میں بھی چند منصوبے ہیں جس پر غور کیا جاسکتا ہے۔
کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے کہا کہ کرکٹ کی مصروفیات کے باعث وہ اپنے سسرال اور شوہر کے ساتھ زیادہ وقت نہیں گزار پائیں، مگر لاک ڈاؤن کے ایام میں انہوں نے زیادہ تر وقت اپنی فیملی کے ساتھ گزارا، اس دوران انہوں نے اپنی فٹنس پر بھی خاص توجہ دی اور سخت فزیکل ٹریننگ سے دن کے آغاز کو اپنا معمول بنایا۔
سینیئر بیٹسمویمن جویریہ خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ کرکٹ کی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز پر بہت خوش ہیں، جس کھیل سے محبت ہو اور وہ کھیلنے کی دوبارہ اجازت مل جائے تو ایک کھلاڑی کی حیثیت سے آپ کو اور کیا چاہیے، نئے ہیڈ کوچ کا تقرر بھی ہوچکا، ہم سب کو اب صرف میدان میں واپسی کا انتظار ہے، جویریہ خان نے کہا کہ دو سے تین روز کی چھٹی سے تو لطف اندوز ہوسکتے ہیں مگر لاک ڈاؤن کی وجہ سے اتنے عرصے تک کھیل سے دور رہنا آسان نہیں تھا، تاہم اس دوران انہوں نےپینٹنگز، گنگنانے اور فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کو ترجیح دی
واضح رہے کہ پی سی بی نے کیمپ کے لیے جن 27 خواتین کھلاڑیوں کو کراچی طلب کیا ہے، ان میں ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، ناہیدہ خان، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، ارم جاوید، جویریہ رؤف، جویریہ خان، کائنات امتیاز، کائنات حفیظ، ماہم طارق، منیبہ علی، نجیہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، صباء نزیر، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سدرہ نواز اور سیدہ عروب شاہ شامل ہیں۔
The post کورونا کے باعث معطل ویمنز کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز 8 اکتوبر سے ہوگا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل