لاہور / کراچی: بائیو سیکیورٹی سمیت انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے زمبابوین وفد 10اکتوبر کو پاکستان پہنچے گا اور آمد پر کورونا ٹیسٹ لیے جائیں گے۔
زمبابوین کرکٹ ٹیم کی آمد سے قبل 5 رکنی وفد 10 اکتوبر کو پاکستان پہنچ رہا ہے، ذرائع کے مطابق اس میں زیادہ تر میڈیکل سے وابستہ افراد شامل ہوں گے، وفد اپنے 5روزہ دورے میں ملتان اور راولپنڈی میں وینیوز اور رہائشی سہولیات کا جائزہ لے گا، وہ کورونا ایس اوپیز کے تحت انتظامات پر پی سی بی کے میڈیکل پینل سے تبادلہ خیال کرے گا۔
مہمان آفیشلز بائیو سیکیورٹی پر مکمل بریفنگ حاصل کرنے کے بعد وطن واپسی پر کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف کی رہنمائی کریں گے، پی سی بی زمبابوے بورڈ کو بائیو ببل سمیت تمام انتظامات کے بارے میں پروگرام پہلے ہی بجھوا چکا ہے، وفد کے ارکان اپریل میں پاکستان ٹیم کے جوابی دورہ زمبابوے پر بھی پی سی بی حکام سے بات چیت کریں گے۔
بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی کے مطابق وفد کو کورونا پروٹوکول پر عمل کرنا ہوگا، پاکستان آمد کے بعد مہمان آفیشلز کے ٹیسٹ ہوں گے، رپورٹ منفی آنے پر ہی وہ ملتان اور راولپنڈی جاسکیں گے، وفد راولپنڈی میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے میچزدیکھے گا اور پی سی بی حکام سے بھی ملاقات ہوگی،ڈائریکٹرانٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان زمبابوین ٹیم کے دورۂ پاکستان کیلیے کورونا ایس او پیزکی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے مابین ون ڈے سیریز ملتان میں ہوگی، پہلا میچ 30 اکتوبر،دوسرا یکم اور تیسرا3 نومبر کوکھیلا جائے گا، تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی میں 7،8 اور 10 نومبر کو شیڈول ہیں، مہمان ٹیم 20 اکتوبر کو راولپنڈی پہنچ کر 5دن کا قرنطینہ مکمل کرے گی۔
The post زمبابوین وفد بائیو سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل