سڈنی: بروقت ویکسینیشن نہ ہونے پر 2021 میں ایک اور وبا پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تحقیقی جریدے لینسٹ میں شائع ہونے والے ایک مقالے میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس وبا کے باعث خسرہ کی ویکسی نیشن نہیں ہوپارہی جس کی وجہ سے آئندہ چند ماہ میں اس کی وبا پھوٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کے خسرہ پر SAGE ورکنگ گروپ کی سربراہ اور آسٹریلیا کے مرڈوخ چلڈرن ریسرج انسٹی ٹیوٹ سے تعلق رکھنے والے پروفیسر کِم مہولاند نے اپنے اس مقالے میں لکھا ہے کہ رواں برس متعدد بچوں کو خسرہ کی ویکسین نہیں دی جاسکی جس کے نتیجے میں خسرہ کی وبا ناگزیر ہوچکی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 2020 خسرہ کے حوالے سے خاموشی کے ساتھ گزر گیا۔ کورونا وبا کے باعث سفری پابندیوں سے خسرہ پر قابو پانے کے پروگرام براہ راست متاثر ہوئے، اس کے علاوہ معاشی اثرات سے کئی ممالک مین بچوں کو غذائی قلت کا سامنا بھی ہے۔
یہ خبر بھی دیکھیے: ’’اگلے سال دنیا بھر میں بدترین قحط ہوسکتا ہے،‘‘ ورلڈ فوڈ پروگرام
مقالے میں کہا گیا ہے کہ غذائی کمی سے خسرہ کی شدت مزید بڑھ جاتی ہے اس لیے غریب آبادیوں میں خسرہ کے باعث اموات میں اضافہ ہوگا۔
پروفیسر مہولاند کا کہنا ہے کہ عام طور پر خسرہ کے باعث ہلاک ہونے والے بچے غذا کی کمی کا شکار ہوتے ہیں وہیں خسرہ کا شدید حملہ متاثرہ فرد کو بری طرح کمزور کردیتا ہے۔ اس اعتبار سے غذائی کمی بنیادی طور پر خسرہ کے لیے مدافعت کو متاثر کرتی ہے۔ علاوہ ازیں متاثرہ افراد میں وٹامن اے کی کمی کی صورت میں خسرہ سے بینائی ختم ہوسکتی ہے۔
اسی بنیاد پر یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ جن ممالک میں صحت کا نظام کمزور اور آبادی کا بڑا حصہ غذائی قلت اور وٹامن اے کی کمی کا شکار ہے وہاں خسرہ کی وبا پھوٹنے کے نتیجے میں اموات بڑھ سکتی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2020 تک 26 ممالک میں ویکسینیشن پروگرام مؤخر ہوچکے ہیں جن کے باعث 9 کروڑ چالیس لاکھ بچے خسرہ کی معمول کی ویکسینیشن سے محروم رہے ہیں۔
پروفیسر مہولاند کا کہنا ہے کہ ان تمام محرکات سے 2021 میں خسرہ کی وبا پھوٹنے کا باعث بننے کے حالات پیدا ہوگئے ہیں۔ موجودہ حالات میں خسرہ کی وبا پھوٹنے سے خسرہ کی شرح اموات اور دیگر اثرات کی شدتہ دہائی قبل کی صورت حال پر آجائیں گی۔
The post کورونا وائرس کے بعد 2021 میں ایک اور وبا پھوٹنے کا خدشہ appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » صحت