ہیوسٹن، ٹیکساس: رائس یونیورسٹی کے انجینئروں نے ایک انتہائی باریک اور چھوٹی چھوٹی سوئیوں والی ایک ایسی پٹی (بینڈیج) ایجاد کرلی ہے جو صرف بیس منٹ میں ملیریا کا پتا لگا سکتی ہے، جبکہ اس کےلیے متاثرہ فرد کے جسم سے خون نکالنے کی بالکل بھی ضرورت نہیں ہوتی۔
اگرچہ اس وقت بھی ملیریا کے تیز رفتار تشخیصی ٹیسٹ موجود ہیں جو 2 سے 15 منٹ میں نتیجہ دے دیتے ہیں مگر ان سب میں متاثرہ فرد کے جسم سے خون نکال کر خاص طرح کے بڑے اور مہنگے آلات سے جانچنا پڑتا ہے۔ علاوہ ازیں یہ ٹیسٹ خاصے مہنگے بھی ہوتے ہیں۔
ان دونوں مشکلات کی وجہ سے یہ ٹیسٹ اُن دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں میں ممکن نہیں جہاں زندگی کی بنیادی سہولیات تک کا فقدان ہے۔
رائس یونیورسٹی میں مکینیکل انجینئرنگ کی پوسٹ ڈاکٹرل ریسرچ فیلو ژوئی جیانگ اور ایسوسی ایٹ پروفیسر پیٹر بی للیہوج نے ’’خردبینی سوئیوں‘‘ والی یہ تشخیصی پٹی ایجاد کی ہے۔
دیکھنے میں یہ زخم پر چپکانے والی عام پٹی جیسی ہے لیکن اس میں خاص طرح کی 16 عدد باریک باریک سوئیاں یعنی ’’مائیکرو نیڈلز‘‘ نصب ہیں جن میں سے ہر سوئی صرف 375 مائیکرومیٹر چوڑی ہے۔
جب اس پٹی کو کھال پر چپکایا جاتا ہے تو یہ سوئیاں جلد میں معمولی سی دھنس کر، جلد میں موجود مائع کی بہت معمولی مقدار اپنے اندر جذب کرلیتی ہیں۔ سوئیوں کی پشت پر ایک چھوٹی سی ’’ٹیسٹ چپ‘‘ اس مائع کا تجزیہ کرتی ہے اور اس میں ملیریا سے تعلق رکھنے والی اینٹی باڈیز کی موجودگی یا عدم موجودگی کا پتا لگاتی ہیں۔
ملیریا اینٹی باڈیز موجود ہونے کی صورت میں یہ پٹی اپنا رنگ بدل لیتی ہے اور یوں ڈاکٹر کو پتا چل جاتا ہے کہ مریض کو واقعی ملیریا ہے یا نہیں۔
ڈاکٹر ژوئی اور پیٹر کا کہنا ہے کہ اس تشخیصی پٹی کو ان دونوں نے خود پر آزمایا ہے اور انہیں معمولی سی چبھن کے احساس سے زیادہ کچھ نہیں ہوا۔
ملیریا کی یہ تشخیصی پٹی ’’بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن‘‘ کی فنڈنگ سے ایجاد کی گئی ہے جس کے بارے میں ڈاکٹر پیٹر کہتے ہیں کہ اگرچہ ’’ہم نے اسے ملیریا کی تشخیص کےلیے تیار کیا ہے لیکن معمولی ترمیم کے ساتھ یہی ٹیکنالوجی دوسری بیماریوں کی تشخیص میں بھی استعمال کی جاسکے گی کیونکہ کھال کے نیچے موجود جسمانی مائع میں کئی امراض کی اینٹی باڈیز موجود ہوتی ہیں۔‘‘
انہیں امید ہے کہ اگر یہ پٹی بڑے پیمانے پر تیار کی جائے تو اس کی لاگت صرف ایک ڈالر یا اس سے بھی کم رہ جائے گی۔
اس ایجاد کی تفصیلات ’’نیچر پبلشنگ گروپ‘‘ کے تحقیقی جریدے ’’مائیکرو سسٹمز اینڈ نینو انجینئرنگ‘‘ کے تازہ شمارے میں آن لائن شائع ہوئی ہیں۔
The post خردبینی سوئیوں والی پٹی سے ملیریا کی 20 منٹ میں تشخیص appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » صحت