لاہور: دورہ نیوزی لینڈ کے لیے قومی ٹیم کے 35 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے 35 رکنی قومی اسکواڈ کااعلان کردیا ہے، مصباح الحق نے تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈکوچز، جونیئر کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد اورہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلمپنٹ ثقلین مشتاق سے مشاورت کے بعد اسکواڈ کو حتمی شکل دی جب کہ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز دونوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 18 دسمبر سے7 جنوری تک جاری رہے گی، اس دوران پاکستان شاہینز کو 2 چار روزہ اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں۔ پاکستان شاہینز کے دورہ نیوزی لینڈ کی مکمل تفصیلات نیوزی لینڈ کرکٹ جلد جاری کردے گا۔
قومی اسکواڈ بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان ٹیسٹ کرکٹ)، شاداب خان (نائب کپتان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل)، اظہر علی، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، محمد حفیظ، فواد عالم، عابد علی، عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، زیشان ملک، دانش عزیز، حیدر علی، حارث سہیل، حسین طلعت، عمران بٹ، افتخار احمد، خوشدل شاہ، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، عماد وسیم، یاسر شاہ، عثمان قادر، ظفر گوہر، عماد بٹ، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد عباس، محمد حسنین، محمد موسیٰ، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان اور وہاب ریاض پر مشتمل ہے۔
مصباح الحق، چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم؛
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 کے باعث ہمیں نیوزی لینڈ میں 14 روزہ قرنطینہ کی مدت پوری کرنی ہے، دورہ نیوزی لینڈ کےلیے ہم نے 2 مختلف ٹیموں پر مشتمل ایک مکمل اسکواڈ تشکیل دیا ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن میں شامل نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز ہمارے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں، امید ہے کہ قومی کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔
The post دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان کے 35 رکنی اسکواڈ کا اعلان appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل