کراچی: کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی ہونے والی 6 سیریز کونسل کیلیے دردِ سربننے لگیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گذشتہ برس ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز کیا تھا جس کے تحت شریک 9 ٹیموں کو ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر 6 سیریز کھیلنا تھیں،کورونا وائرس کی وجہ سے شیڈول شدید متاثر ہوا، اس دوران 6 سیریز ملتوی ہوئیں، سب سے زیادہ نقصان بنگلادیش کا ہوا جو4 سیریز نہیں کھیل سکا۔
آئی سی سی نے واضح کیا تھا کہ فی الحال ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل اگلے سال جون میں انگلینڈ میں ہی شیڈول ہے،اس بارے میں حتمی فیصلہ ممبران کی مشاورت سے کرنے کا کہا گیا تھا، رواں ماہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا پہلے ہی فائنل کے وقت پر انعقاد کی حمایت کرچکا۔اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر بھارت اور آسٹریلیا ہی ٹاپ 2 پوزیشنز پر فائز ہیں، ان کے درمیان دسمبر میں 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز شیڈول ہے، اس دوران نیوزی لینڈ کو ویسٹ انڈیز اور پھر پاکستان کی میزبانی کرنا ہے،سری لنکن ٹیم ٹیسٹ سیریز کیلیے جنوبی افریقہ کا ٹور کرے گی۔
دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نامکمل ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے حق میں نہیں ہیں، وہ پہلے ہی کہہ چکے کہ یہ مقابلے ری شیڈول ہوسکتے ہیں، ہر ٹیم کو فائنل کیلیے کوالیفائی کرنے کا مناسب موقع ملنا چاہیے۔
The post 6 ملتوی سیریز آئی سی سی کیلیے دردِ سر بن گئیں appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل