لاہور: پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے کورونا پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر کیویز چراغ پا ہو گئے، انھوں نے اسے مجرمانہ غفلت قرار دے دیا۔
پاکستانی اسکواڈ میں شامل چند کرکٹرز کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر نیوزی لینڈ میں مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
مقامی میڈیا سے گفتگو میں ایک براڈکاسٹر کرس لینچ نے کہاکہ ہمارے ملک میں انٹری کسی کا لازمی حق نہیں، قرنطینہ کی منظم سہولیات بک ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں نیوزی لینڈ کے اپنے شہری بھی گھروں میں واپس آنے کا موقع نہیں پا رہے، مینجڈ آئسولیشن ہو یا دوسری پاکستان ٹیم کو کوئی استثنیٰ حاصل نہیں ہونا چاہیے تھا،اب اگر کسی نے خلاف ورزی کی ہے تو اسے سزا دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں حکام کا شکرگزار ہوں کہ ان کی وجہ سے ایک ایسے ملک میں زندگی گزار رہا ہوں جہاں کورونا نہ ہونے کے برابر ہے، اگر دوسرے ملکوں سے آنے والے اس عالمی وبا کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہیں رکھتے تو واپسی کے جہاز میں سوار کرا دینا ایک آسان حل ثابت ہوسکتا ہے۔
ریڈیو براڈ کاسٹر ڈی آرچی والڈ گریو نے پاکستانی کرکٹرز کے رویہ کو متکبرانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں آنے پر غفلت کا مظاہرہ کرنے والے کے خلاف سخت رد عمل سے دوسروں کے لیے ایک مثال قائم کرنا چاہیے۔
یونیورسٹی آف اوٹاگو میں ڈپارٹمنٹ آف پبلک ہیلتھ کے پروفیسر نک ولسن نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے حالیہ واقعات سے ثابت ہوا کہ بارڈر سسٹم موثر نہیں تھا، ہائی رسک والے ممالک پاکستان، امریکا اور انگلینڈ سے آنے والوں کیلیے جانچ پڑتال کا زیادہ سخت طریقہ کار وضع کیا جائے۔
دوسری جانب عوامی حلقوں میں بھی پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے غفلت کو ایک حساس معاملہ قرار دیا جاتا رہا، البتہ شائقین کی اکثریت نے کہاکہ مہمان احتیاط برتیں تو قرنطینہ مکمل ہونے کے بعد نیوزی لینڈ میں ایک آزادانہ ماحول میں گھوم پھر سکتے ہیں،یوں ہمیں شاندار کرکٹ بھی دیکھنے کو ملے گی۔
The post کورونا پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر کیویز چراغ پا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل