لاہور: وکٹ کیپر کامران اکمل نے لنکا پریمیئر لیگ میں نہ کھیلنے کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ممکنہ انجری بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر ڈاکٹر کی ہدایت پر لیگ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کندھے کی تکلیف میں مبتلا کامران اکمل نے بتایا کہ ان کی ہفتے کی صبح کولمبو کے لیے فلائٹ کنفرم تھی، سامان بھی پیک کرلیا تھا تاہم رات گئے ایم آر آئی رپورٹ کا معائنہ کرنے کے بعد ڈاکٹر نے تجویز کیا کہ ابھی کچھ دن مزید ریسٹ کرنے کی ضرورت ہے، بصورت دیگر تکلیف بڑھ سکتی ہے۔
وکٹ کیپر بلے باز کے مطابق مکمل فٹنس حاصل کرنے کے لیے لیگ میں شرکت کا رسک نہ لیتے ہوئے اپنی عدم دستیابی سے لیگ منتظمین کو آگاہ کردیا ہے۔ آگے کئی اہم ایونٹس ہیں جن میں شرکت سے پہلے مکمل فٹ ہونا چاہتا ہوں۔
کامران اکمل نے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔ کامران اکمل انجری کی وجہ سے پی ایس ایل میچز میں بھی پشاور زلمی کی نمائندگی نہیں کرسکے تھے، قائد اعظم ٹرافی کے چوتھے اور پانچویں راونڈ میں بھی وہ حصہ لینے سے قاصر ہیں۔
The post کامران اکمل نے لنکا پریمیئر لیگ سے دستبرداری کی تصدیق کردی appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل