دبئی: آئی سی سی چیئرمین کیلیے انتخابی دنگل شروع ہوگیا جب کہ پہلی خفیہ ووٹنگ میں گریگ برکلے اور عمران خواجہ میں سے کوئی بھی برتری حاصل نہیں کرپایا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نئے چیئرمین کی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، گذشتہ روز الیکٹرونک ووٹنگ کا پہلا راؤنڈ ہوا، آئی سی سی کی جانب سے آفیشل طور پر نتیجے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا
ایک بھارتی اخبار نے عمل سے باخبر آفیشل کے حوالے سے دعویٰ کیاکہ خفیہ رائے شماری میں نیوزی لینڈ کے گریگ برکلے اور موجودہ قائم مقام چیئرمین عمران خواجہ میں سے کسی نے بھی اکثریتی ووٹ حاصل نہیں کیے۔ مجموعی طور پر 16 ووٹ کاسٹ کیے جانے ہیں، کامیاب امیدوار وہی ہوگا جسے11 ووٹ ملیں گے۔
آئی سی سی نے اکتوبر میں نئے چیئرمین کے انتخابی عمل کا شیڈول جاری کیا تھا، اس کے بعدکوئی آفیشل بیان سامنے نہیں آیا تاہم گذشتہ دنوں ایک رپورٹ میں واضح کیا گیا تھا کہ اگر کسی بھی امیدوار کو دوتہائی ووٹ نہیں ملے تو 3 مرتبہ ووٹنگ ہوگی۔ یہ عمل 2 دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا، اگر اس دوران کوئی بھی امیدوار دوتہائی اکثریت حاصل نہیں کرپایا تو کم ووٹ ملنے کے باوجود ایک مخصوص مدت کیلیے عمران خواجہ مستقل طور پر چیئرمین کی ذمہ داری سنبھالے رہیں گے۔
یاد رہے کہ برکلے کو ماضی کے بگ تھری بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی حمایت حاصل ہے، پاکستان سمیت کچھ دیگربورڈز عمران خواجہ کا ساتھ دے رہے ہیں۔
The post آئی سی سی چیئرمین کیلیے انتخابی دنگل شروع appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل