نیوزی لینڈ کو اس کی سرزمین پر مات دینا مشکل ہے، شعیب محمد

 کراچی: سابق قومی سلیکٹر و سابق ٹیسٹ بیٹسمین شعیب محمد نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کو نیوزی لینڈ میں شکست دینا بہت مشکل ہے، کوویڈ 19 کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد اب کھلاڑیوں کے اعصاب کا امتحان ہوگا۔

نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب محمد نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کے حالات تبدیل ہوئے ہیں، کورونا کے سبب کرکٹ بھی ذرا مختلف انداز سے کھیلی جا رہی ہے، دورہ نیوزی لینڈ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے افراد کا کورونا وائرس میں مبتلا ہوجانا سمجھ سے بالاتر اور اچھا شگون نہیں، اگر مقررہ ایس او پیز پر عمل نہ کیا جائے تو مشکل پیدا ہوتی ہے، نیوزی لینڈ حکام کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو وارننگ کا جاری کرنا بھی خطرناک ہے۔

شعیب محمد نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز اور مینجمنٹ کو اس حوالے سے پہلے ہی احتیاط برتنی چاہیے تھی، امید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ نیوزی لینڈ خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں سابق سلیکٹر شعیب محمد نے کہا کہ اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کو حوصلہ اور اعتماد دینے کی ضرورت ہے، پی ایس ایل فائیو کے پلے آف میچز میں شرکت سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔

شعیب محمد نے مزید کہا کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہمیشہ اچھا مقابلہ ہوتا ہے لیکن نیوزی لینڈ کو اس کی سرزمین پر مات دینا ذرا مشکل ہے، اب کھلاڑیوں کے اعصاب کا ٹیسٹ ہوگا، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ایک اچھا موقع ہے، ہمارے کھلاڑیوں کو سیریز میں متحد ہوکر کھیلنا پڑے گا۔

The post نیوزی لینڈ کو اس کی سرزمین پر مات دینا مشکل ہے، شعیب محمد appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں