ہیملٹن: ویسٹ انڈین رسوائی کی نئی داستان رقم ہوگئی، پہلے ٹیسٹ میں کیویز نے ریکارڈ شکست سے دوچار کردیا۔
اننگز اور 134 رنز کی فتح سے میزبان ٹیم کو 2 میچز کی سیریز میں 0-1 سے برتری بھی حاصل ہوگئی، فالو آن کا شکار ہونے والے کیریبیئنز دوسری باری میں 247 رنز پر آؤٹ ہوگئے، جرمین بلیک ووڈ کی بھرپور مزاحمت کا صلہ سنچری کی صورت میں ملا، الزاری جوزف نے 86 رنز پر وکٹ گنوائی، نیل ویگنر نے 4 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیزکیخلاف تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کر لی، اس سے پہلے1999کے ویلنگٹن ٹیسٹ میں اننگز اور 105 رنزسے کامیابی پائی تھی،ہیملٹن کی سرسبز پچ پر واحد اننگز 519 رنز 7 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کرنے کے بعد میزبان سائیڈ نے حریف کو پہلی باری میں 138 پر ڈھیر کرکے فالو آن پر مجبورکیا تھا۔
اس کے پاس ایک ہی دن میں حریف سائیڈ کو 2 بار آؤٹ کرکے 3 روز میں میچ ختم کرنے کا موقع موجود تھا، مگر جرمین بلیک ووڈ اور الزاری غیرمتوقع طور پر کیوی اٹیک کے سامنے دیوار بن گئے، چوتھے روز بھی دونوں نے مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہا تاہم 89 رنز 6 وکٹ سے شروع ہونے والی یہ رفاقت 155 رنز کی شراکت کے بعد ٹوٹ گئی، جوزف86 رنز بنانے کے بعد ڈیپ پوائنٹ پر متبادل فیلڈر سینٹنر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، کامیاب بولر جیمیسن تھے۔
سنچری مکمل کرنے والے بلیک ووڈ بھی تھوڑی دیر بعد 104 کے انفرادی اسکور پر ویگنر کی گیند پر ساؤدی کا کیچ بن گئے، نیل ویگنر نے ہی شینن گیبرائیل کو صفر پر بولڈ کرکے ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز کا 247 رنز پر اختتام کردیا، انھوں نے 4 اور جیمیسن نے 2 وکٹیں لیں۔ ڈبل سنچری بنانے والے کیوی کپتان کین ولیمسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، دوسرا ٹیسٹ 11 دسمبر سے ویلنگٹن میں شروع ہوگا۔
The post ویسٹ انڈین رسوائی کی نئی داستان رقم ہوگئی appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل