لاہور: دورہ پاکستان کے حوالے سے پی سی بی کو کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے گرین سگنل کا انتظار ہے۔
پی سی بی کی جانب سے 25ستمبر کو تصدیق کی گئی تھی کہ جنوبی افریقی ٹیم آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کرے گی، کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے 4رکنی وفد نے گذشتہ ماہ کے اوائل میں کراچی، لاہور اور راولپنڈی کا دورہ کرتے ہوئے عمومی اور بائیو سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔
تینوں وینیوز کے حوالے سے پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشل کرکٹ ذاکر خان اور ضلعی حکام کی جانب سے بریفنگ کے بعد مہمان آفیشلز نے اطمینان کا اظہار کیا، اب ان کی رپورٹ کی روشنی میں حتمی فیصلہ کیا جانا ہے۔
وفد میں شامل جنوبی افریقی کرکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندے اسٹیفن کریگ کک کی رائے خاص طور پر اہمیت کی حامل ہوگی، انھیں کرکٹرز کو اعتماد میں لینے کے بعد کوئی باضاطہ اعلان کرنا ہے۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق پروٹیزسے سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو کراچی میں شروع ہوگا، طویل فارمیٹ کا دوسرا میچ لاہور میں کرانے کا پلان ہے۔ 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز راولپنڈی میں کھیلی جائے گی، اس معاملے پر گذشتہ چند ہفتوں سے پی سی بی کے ایوانوں میں خاموشی چھائی ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق باضابطہ جواب کے منتظر بورڈ نے کرکٹ ساؤتھ افریقہ سے رابطہ کیا ہے، اس ضمن میں مزید پیش رفت جلد متوقع ہے۔جنوبی افریقی ٹیم نے آخری بار پاکستان کا دورہ 2007میں کیا تھا۔
The post پاکستان کو جنوبی افریقہ کے گرین سگنل کا انتظار appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل