سخت کورونا ایس اوپیز؛ ٹیم ذہنی وجسمانی طورپرمتاثرہوئی، کوچ

 لاہور:  مصباح الحق نے تسلیم کیا ہے کہ نیوزی لینڈ میں سخت کورونا ایس او پیز نے کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر متاثر کیا،کرائسٹ چرچ سے روانہ ہونے کے بعد سب پس پشت جائے گا، صرف کرکٹ پر توجہ مرکوز ہو جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہناہے کہ ہم مشکل حالات میں صبر اور برداشت کا بہترین مظاہرہ کرنے والے ان تمام کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف ارکان کے شکرگزار ہیں،انھوں نے کورونا کی عالمی وباکے دوران کرکٹ سرگرمیوں کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کوچ نے کہا کہ دنیا کے ہر نامور ایتھلیٹ کو اپنے ملک کی نمائندگی سے قبل ایک مخصوص ماحول درکار ہوتا ہے جہاں وہ اپنی تیاری مکمل کرسکے، ہم عوام کی صحت اور حفاظت کے لیے بنائے گئے نیوزی لینڈ کے قوانین کا مکمل احترام کرتے ہیں تاہم اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتاکہ بعض قواعدوضوابط کے نفاذ نے ہمارے کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طورپر متاثر کیا ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ ہم جب اپنی آئسولیشن کی مدت مکمل کرکے کرائسٹ چرچ سے روانہ ہوں گے تو سب کچھ پس پشت رہ جائے گا، پھر ہماری تمام تر توجہ دونوں طرز کی کرکٹ پر مرکوز ہوجائے گی۔

انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ اپنی ہوم کنڈیشنز میں ایک مضبوط ٹیم ہے، حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کارکردگی اس کا واضح ثبوت ہے،کیویز ٹیسٹ کی دوسری اور ٹی ٹوئنٹی کی چھٹی بہترین ٹیم ہیں، سابق کپتان نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہم نے انہی لڑکوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا جو گذشتہ کچھ عرصے سے متواتر ہمارے اسکواڈ کا حصہ ہیں، نیوزی لینڈ میں کرکٹ کی بہترین سہولیات دستیاب اور تماشائی بھی بہت حوصلہ افزائی کرتے ہیں، امید ہے کہ منتخب اسکواڈ ان کنڈیشنز کا بہترین استعمال کرتے ہوئے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا،ہم کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں گے،ان کوبھی اپنی صلاحیتوں پر یقین برقرار رکھنا ہوگا۔

The post سخت کورونا ایس اوپیز؛ ٹیم ذہنی وجسمانی طورپرمتاثرہوئی، کوچ appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں