سڈنی: آسٹریلیا کا اپنے گھر میں بھی بھرم ٹوٹنے لگا، بھارت نے دوسرے ٹی 20 میں 6 وکٹ کی فتح سے سیریز بھی ایک میچ قبل ہی اپنے نام کرلی، مہمان ٹیم نے 195 رنز کا ہدف ہردیک پانڈیا کے لاٹھی چارج کی بدولت2 بالز قبل ہی حاصل کرلیا، انھوں نے 22 بالز پر ناقابل شکست 42 رنز بنائے، شیکھر دھون 52 اور کوہلی 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اس سے پہلے آسٹریلیا نے 5 وکٹ پر 194 رنز بنائے، قائم مقام کپتان میتھیو ویڈ کے 58 رنز کسی کام نہ آئے۔
تفصیلات کے مطابق دوسرے میچ میں 195 رنزکا تعاقب کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے پاور پلے میں 60 رنز بنائے، گلین میکسویل کے صرف ایک اوور میں ہی19 رنز بن گئے، شیکھر دھون نے اپنی 11ویں ٹی 20 ففٹی 34 بالز پر مکمل کی مگر 2 گیندیں بعد52 رنز پر ایڈم زمپا کی گیند پر مچل سویپسن کوکیچ دے بیٹھے۔ کپتان ویرات کوہلی نے ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچانے کیلیے 40 رنز کا حصہ ڈالا، آخر میں ہردیک پانڈیا نے صرف 22 بالز پر ناقابل شکست 42 رنز بناکر بھارت کو2 گیندیں قبل 4 وکٹ پر ہدف پر پہنچا دیا۔
ان کی اننگز 2 چھکوں اور 3 چوکوں سے مزین تھی۔ اس سے پہلے آسٹریلیا نے 5 وکٹ پر 194 رنز بنائے، ایرون فنچ کے انجرڈ ہونے کی وجہ سے قیادت کرنے والے میتھیو ویڈ نے 32 گیندوں پر 58 رنزاسکور کیے، جس میں ایک چھکا اور 10 چوکے شامل تھے مگر ان کی یہ کاوش ٹیم کو فتح دلانے میں ناکافی ثابت ہوئی، اسٹیون اسمتھ بھی 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ناٹا راجن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
The post آسٹریلیا کا اپنے گھر میں بھی بھرم ٹوٹنے لگا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل