پارل: جنوبی افریقی بائیو ببل کا تجربہ ہوا میں اڑ گیا،کورونا وائرس انگلش کیمپ میں بھی پہنچ گیا، 2 مہمان کھلاڑیوں کے غیرتصدیق شدہ مثبت ٹیسٹ کی وجہ سے پہلا ون ڈے پھر نہ ہو سکا، سیریز ملتوی ہونے کا خطرہ بھی بڑھ گیا،فیصلہ جلد متوقع ہے، ٹیم ہوٹل کے 2 اسٹاف ممبرز بھی وبا کا شکار ہوچکے، موجودہ صورتحال نے اس سیزن میں سری لنکا، آسٹریلیا اور پاکستان ٹیم کا ٹور بھی خطرے میں ڈال دیا۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ جنوبی افریقہ کیلیے بہت ہی بْرا وقت چل رہا ہے،اس کے مسائل ختم ہونے کے بجائے بڑھتے ہی جا رہے ہیں،اب بائیوببل کا تجربہ ناکام ہوگیا، جس کی وجہ سے کورونا وائرس انگلش کیمپ میں بھی پہنچ چکا ہے، گذشتہ روز ہونے والی تازہ ترین ٹیسٹنگ میں 2 مہمان کھلاڑیوں کے غیرتصدیق شدہ نتائج مثبت آنے کی وجہ سے اتوار کو ری شیڈول ہونے والا پہلا ون ڈے منسوخ کرنا پڑا۔ اس سے یہ قبل یہ مقابلہ جمعے کو ہونا تھا مگر تب ایک جنوبی افریقی کھلاڑی کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے اسے ملتوی کرنا پڑا۔
بائیوببل میں منتقل ہونے سے قبل ہی ایک جنوبی افریقہ کھلاڑی کا نتیجہ مثبت آیا جس کو 2 دیگر کے ہمراہ آئسولیٹ کردیا گیا تھا، اس کے بعد بائیوببل میں ہی پہلے ایک اور پھر بعد میں دوسرے میزبان کھلاڑی کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے انگلش ٹیم مینجمنٹ نے بائیوسیکیورٹی انتظامات پر ہی تحفظات ظاہر کردیے تھے، فوری تحقیقات کے بعد میزبان بورڈ نے دعویٰ کیا تھا کہ کورونا پروٹوکول کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی، نہ ہی فوٹیج میں اس حوالے سے کوئی شواہد ملے مگر حیران کن طور پر ٹیم ہوٹل کے ہی 2 اسٹاف کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ ملازمین اس اسٹاف میں شامل نہیں جو دونوں ٹیموں کی خدمت پر مامور ہے، ٹیمیں ہوٹل کے الگ الگ حصے میں قیام پذیر اور ان کا آپس میں کوئی رابطہ نہیں اور نہ ہی وہ ایک کوریڈور استعمال کرتے ہیں۔
اس کے باوجود وائرس کا پھیلنا حیران کن ہے۔ ویسے ہی انگلینڈ سے 6 میچز کرکٹ جنوبی افریقہ کو 4.2 ملین ڈالر میں پڑرہے تھے، جس میں ٹی 20 میچز کے انعقاد سے کچھ آمدنی ہوگی لیکن اگر ون ڈے سیریز منسوخ ہوئی تو کافی نقصان برداشت کرنا پڑے گا، بورڈ کو ایک کوویڈ ٹیسٹ 50 ڈالر کا پڑرہا ہے، باقاعدگی سے دونوں ٹیموں، سپورٹنگ اسٹاف اور ہوٹل کے عملے کی ٹیسٹنگ پر پانی کی طرح ڈالر بہائے جا رہے ہیں۔ رواں ماہ سری لنکا کی ٹیم کو2 ٹیسٹ میچز کیلیے جنوبی افریقہ کا ٹور کرنا ہے،اس سیزن میں آسٹریلیا اور پاکستان ٹیم کا بھی دورہ شیڈول ہے، موجودہ صورتحال سے یہ ٹورز بھی خطرے میں پڑتے دکھائی دے رہے ہیں۔
The post جنوبی افریقی بائیو ببل کا تجربہ ہوا میں اڑ گیا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل