کراچی: کاگیسو ربادا ٹیسٹ وکٹوں کی ڈبل سنچری مکمل کرنے والے آٹھویں جنوبی افریقی بولر بن گئے پیسر نے یہ سنگ میل کراچی ٹیسٹ میں حسن علی کی وکٹ حاصل کرکے عبور کیا۔
ڈیل اسٹین 439شکار کرکے ٹاپ پر ہیں،دیگر نمایاں بولرز میں شان پولاک(421)، مکھایا این تینی (390)، ایلن ڈونلڈ(330)، مورنے مورکل (309)،جیک کیلس (291) اور ورنون فلینڈر (224) شامل ہیں۔کاگیسو ربادا کم عمری میں 200 وکٹیں مکمل کرنے والوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔
انھوں نے یہ سنگ میل 25سال248دن کی عمر میں عبور کیا،اس فہرست میں وقار یونس ٹاپ پر ہیں، انھوں نے 24سال 26دن کے عمر میں 200وکٹیں حاصل کرلی تھیں، کپیل دیو نے 24سال68دن، ہربھجن سنگھ نے 25سال74دن کی عمر میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔دریں اثنا ایڈن مارکرم 2010کے بعد ایشیا میں دوسری اننگز میں ففٹی بنانے والے پہلے اوپنر بن گئے،اس سے قبل ہاشم آملہ نے ابوظبی ٹیسٹ میں 62رنز بنائے تھے،مارکرم نے ڈین ایلگر کے ہمراہ 48رنز جوڑے، یہ 2015کے بعد 19اننگز میں پروٹیز کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت ہے۔
پاکستان کی پوزیشن بہتر مگرپروٹیزمیچ سے باہر نہیں ہوئے،ربادا
جنوبی افریقی فاسٹ بولر کاگیسو ربادا نے کہا ہے کہ پاکستان کی پوزیشن بہتر ہوگئی مگرہم ابھی میچ سے باہر نہیں ہوئے،دوسری اننگز میں بڑا اسکور کرتے ہوئے میزبان بیٹنگ لائن کو دباؤ میں لانے کی کوشش کریں گے،ورچوئل پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ بلاشبہ پاکستان نے بیٹنگ اور بولنگ میں بہترین پرفارم کیا،پچ مسلسل تبدیل ہوتی رہی ہے، ابھی سلو ہے تاہم میں نہیں جانتا کہ چوتھے روز اس کا رویہ کیسا ہوگا۔200 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے پیسر نے کہا کہ میں یہ سنگ میل عبور کرنے پر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں،اس مقام تک پہنچنے میں مدد اور معاونت کرنے والوں کا بہت شکر گزار ہوں۔
The post ٹیسٹ وکٹوں کی ڈبل سنچری، ربادا آٹھویں جنوبی افریقی بولر بن گئے appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل