بیجنگ: چین کے شہر چھنگ دُو میں چند روز پہلے ایک وسیع علاقے کی بجلی اچانک بند کردی گئی؛ کیونکہ مقامی ادارے وہاں بجلی کے اونچے کھمبے پر چڑھ کر ورزش کرنے والے ایک شخص کو بحفاظت نیچے اتارنے کی کارروائی کرنے میں مصروف تھے۔
چینی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نامعلوم شخص ہائی ٹینشن پول (ہزاروں وولٹ والے اونچے کھمبے) پر چڑھ کر ورزش کر رہا ہے۔
اس شخص کے بارے اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس کے اہلکار وہاں پہنچ گئے جبکہ امدادی اداروں کو بھی ایمبولینس سمیت وہاں بلا لیا گیا۔
ہائی ٹیشن پول پر چڑھے ہوئے اس شخص کو بحفاظت اتارنے کےلیے بجلی فراہم کرنے والے مقامی ادارے کو فون کرکے پورے علاقے کی بجلی بند کروائی گئی جس سے وہ پورا علاقہ اچانک تاریکی میں ڈوب گیا۔
کچھ دیر کی کارروائی میں اس آدمی کو کھمبے سے اتار کر حراست میں لے لیا گیا۔
وہ شخص کون تھا، وہ کھمبے پر کیوں چڑھا تھا، اور ورزش کیوں کر رہا تھا؟ اس بارے میں پولیس اور دوسرے مقامی اداروں نے اب تک کچھ نہیں بتایا ہے۔
تاہم چینی سوشل میڈیا پر اس شخص کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اکثر لوگوں کا کہنا تھا کہ اگر یہ کوئی مذاق تھا تو انتہائی بے ہودہ مذاق تھا کیونکہ اس کی وجہ سے ہزاروں گھروں کو تقریباً ایک گھنٹے تک بجلی بندش کی اذیت جھیلنا پڑی۔
پاکستان میں کھمبوں پر چڑھ کر احتجاج کرنا کوئی نئی بات نہیں لیکن اگر وہ شخص ہائی ٹینشن پول پر چڑھ کر اور ورزش کرکے کسی بات پر احتجاج کر رہا تھا تو یہ واقعی عجیب و غریب بات ہے۔
اس واقعے کے بعد چھنگ دُو پولیس نے عوامی تنبیہ (پبلک وارننگ) جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی اس خطرناک حرکت کی ’’نقل کرنے‘‘ کی کوشش ہر گز نہ کرے۔
The post ہائی ٹینشن پول پر ورزش کرنے والے نے پورا علاقہ تاریکی میں ڈبو دیا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب