’’احتساب‘‘ پر وقار یونس کا بھی دبے لفظوں میں احتجاج

 لاہور:  کرکٹ کمیٹی کے ’’احتساب’’پر وقار یونس نے بھی دبے لفظوں میں احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔

قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے کرکٹ کمیٹی کی جانب سے دوبارہ کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے سوال پر کہا کہ ہر کھیل کی بنیاد پرفارمنس ہوتی ہے جو نہ ہو تو اسکروٹنی ضرور ہو گی، تنقید سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے لیکن بے معنی نہیں ہونا چاہیے، میں سمجھتا ہوں کہ کرکٹ کمیٹی کو ہمیں باقاعدگی سے بلانا چاہیے، ایسے سیشنز بہت اچھے ہوتے ہیں،صرف ہار نہیں جیت پر بھی مدعو کریں تاکہ دیکھا جا سکے کہ کس وجہ سے کامیابی ملی تاکہ تسلسل کو برقرار رکھنے کا پلان کیا جا سکے۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ ہم سب پاکستان ٹیم کی جیت چاہتے ہیں، جو تنقید کرتے ہیں وہ بھی ایسا ہی چاہتے ہوں گے، ہمیں کسی کو نیچا نہیں دکھانا اور نہ ہی جواب دینا مقصد ہے، ہم جذباتی قوم ہیں اورکچھ ایسا بول جاتے ہیں جس سے دوسروں کو دکھ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فتح ہمیشہ خوش آئند ہوتی ہے، طویل عرصے بعد پاکستان آنے والے پروٹیز ایک بڑی ٹیم ہیں،پاکستانی کھلاڑیوں نے اچھی کرکٹ کھیل کر ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی،جنوبی افریقہ کی انٹرنیشنل ٹیم پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے آئی ہے، اس کو سی ٹیم کہنا جائز نہیں،حریف کو آسان نہیں تصور کریں گے۔

ٹیسٹ سیریز میں فتح کے حوالے سے سابق عظیم پیسر نے کہا کہ حسن علی نے بولنگ میں روح پھونکی دی، اسپنرز نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ہر کنڈیشنز میں کامیابی کیلیے لائن و لینتھ اور پلان مختلف ہوتا ہے، دنیا کا کوئی بھی ملک ہو بولرز ہوم گراؤنڈز پر کنڈیشنز کا زیادہ فائدہ اٹھاتے ہوئے بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہتے ہیں، پاکستانی بولرز نے بھی اپنے تجربے کا بھرپور استعمال کیا۔

یاسر شاہ کے راولپنڈی ٹیسٹ میں غیر موثر ہونے کے سوال پر بولنگ کوچ نے کہا کہ لیگ اسپنر میچ ونر رہے ہیں، کراچی ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی، بعض اوقات کسی بولر کا دن ہوتا ہے جس طرح حسن علی کا تھا۔

سابق کپتان نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کے مسائل پیدا ہوئے ہیں،اس کی وجہ سے پرفارمنس پر بھی فرق پڑتا ہے، دعا ہے کہ وبا جلد ختم ہو اور چیزیں معمول پر آجائیں۔

The post ’’احتساب‘‘ پر وقار یونس کا بھی دبے لفظوں میں احتجاج appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں