جاوید میانداد نے بابر اعظم کو دنیا کا بہترین بیٹسمین قرار دیدیا

 لاہور: سابق کپتان جاوید میانداد نے بابر اعظم کو دنیا کا بہترین بیٹسمین قرار دیدیا۔

اپنے یو ٹیوب چینل پر سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا  کہ بابر اعظم غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل بیٹسمین ہیں، ایک عرصے بعد پاکستان کو ایسا کرکٹر ملا ہے،وہ اعلی پائے کے کھلاڑی ہیں، میرے خیال سے تو بابر اس وقت دنیا کے بہترین بیٹسمین ہیں۔

جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کپتان بڑے مستحکم انداز میں اپنی اننگز آگے بڑھاتے ہیں،وہ اچھے اسٹروکس کھیلنے کا ہنر بھی جانتے ہیں، انھیں اپنی صلاحیتوں کا اندازہ ہے اور اسی کے مطابق کھیلتے ہیں،بابر ہر گیند کو میرٹ پر اور پیڈ سے نہیں بیٹ سے کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں، یہ ایک بہت بڑا ٹیلنٹ ہے جس کا وہ فائدہ اٹھاتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ بڑی اہمیت کا حامل ہے کہ بابر اعظم اپنی موجودہ فارم برقرار رکھتے ہوئے معیار میں بہتری کا سفر جاری رکھیں،جب کوئی کھلاڑی رنز بنارہا ہو تو اس کا ذہن مثبت اور سیکھنے کا موقع بھی ہوتا ہے، اسی اعتماد کے دور میں اپنی خامیوں پر قابو پاتے جائیں تو صرف 100نہیں بلکہ 200رنز اسکور کریں گے،مقصد ٹیم کو جتوانا ہونا چاہیے۔

سابق کپتان نے کہا  کہ جب میں اپنے والد صاحب کو سنچری کا بتاتا تو ان کا سوال ہوتا کہ کیا آ?ٹ ہوگئے،100کرکے وکٹ گنوانا تو درست نہیں، ڈبل سنچری کی طرف کیوں نہیں گئے۔ ہمارے نوجوان بیٹسمینوں کو لمبی اننگز کھیلنے کا ہنر سیکھنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ دورئہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے میں پاکستان کو کئی بار مشکل صورتحال کا سامنا رہا مگر آخر کار کامیابی حاصل ہوئی، مجموعی طور پر مہمان کرکٹرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اگر آپ جیت جائیں تو شائقین کی توقعات بڑھ جاتی ہیں، بڑا کھلاڑی وہی ہے جو امیدوں پر پورا اترتے ہوئے تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی دکھاتا رہے۔

The post جاوید میانداد نے بابر اعظم کو دنیا کا بہترین بیٹسمین قرار دیدیا appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں