کراچی: ’’انمول رکن‘‘ شاہنواز دھانی نے کوچ اینڈی فلاور کا دل جیت لیا، ملتان سلطانز کے کوچ نے نوجوان پیسر کوسونے کے دل والا انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے چہرے پر مسکراہٹ سجا کرمقابلوں میں حصہ لیا۔
پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ https://ift.tt/2QIuKoB کو خصوصی انٹرویو میں ملتان سلطانز کے کوچ سابق زمبابوین کپتان اینڈی فلاور نے نوجوان پیسر شاہنواز دھانی کی دل کھول کر تعریفیں کیں، وہ سب سے زیادہ 20 وکٹیں لے کرپی ایس ایل6 کے بہترین بولر کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔
اینڈی فلاور نے کہا کہ پہلی بار اعلیٰ معیار کی کرکٹ کا تجربہ پانے والے پیسرنے چہرے پر مسکراہٹ سجا کرمقابلوں میں حصہ لیا مگر جب ضرورت ہوتی تو وہ سنجیدگی اختیار کرلیتے، فیلڈ میں ان کا رویہ دیکھ کر دیگر کرکٹرز بھی لطف اندوز ہوتے،انھوں نے پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ٹی وی پر میچز دیکھنے والے لوگوں کو بھی متاثر کیا ہوگا۔
کوچ نے کہا کہ دھانی سونے کے دل والا انسان اور ہمیشہ اپنی ٹیم اور ساتھیوں کیلیے بہترین کھیل پیش کرنا چاہتا ہے،وہ ہر لحاظ سے ہماری ٹیم کا انمول رکن ہے۔
اینڈی فلاور نے محمد رضوان کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھوں نے سامنے آکر بہترین انداز سے قیادت اور عمدہ بیٹنگ کی، کراچی میں ملتان سلطانز کا آغاز اچھا نہ تھا مگر رضوان نے شاندار انداز سے اسے سنبھالا۔
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ میں بابر اعظم کی قیادت کے حوالے سے زیادہ نہیں جانتا،البتہ انھیں اپنے کھلاڑیوں کی مکمل سپورٹ حاصل ہے، بابر بہت اچھا نوجوان اور بہترین بیٹنگ کر رہا ہے، جب میرا بھائی گرانٹ فلاور پاکستان کا بیٹنگ کوچ تھا تب اس کے بابر سے بہت اچھے تعلقات رہے، قیادت کے اضافی دباؤ نے بطور انسان بابر پر اچھا اثر ڈالا،اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے جذبات کو قابو میں رکھ کر بیٹنگ میں اچھا پرفارم کرتے ہوئے سامنے آ کر ٹیم کی قیادت کر سکتے ہیں۔
The post ’’انمول رکن‘‘ دھانی نے فلاورکا دل جیت لیا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل