کراچی: شوٹنگ میں پاکستانی امیدوں کا دیا روشن ہونے لگا، غلام مصطفیٰ بشیر نے 25 میٹرز ریپڈ فائر پسٹل ایونٹ میں ابتدائی رکاوٹ عبور کرلی، پیر کو دوسرے راؤنڈ میں کامیابی تمغوں کے فیصلہ کن مقابلے میں پہنچادے گی۔
تفصیلات کے مطابق ٹوکیو میں جاری اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس کی حسب توقع کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے، ویٹ لفٹر طلحہ طالب کے علاوہ کوئی بھی اپنی موجودگی کا احساس نہیں دلاسکا، دستے میں شامل 10 میں سے 6 ایتھلیٹس پہلے ہی باہر ہوچکے ہیں، اب شوٹنگ میں غلام مصطفیٰ نے 25 میٹرز ریپڈ فائر پسٹل میں پہلا مرحلہ عبور کرکے امید کا دیا روشن کیا ہے۔
انھوں نے اتوار کو پہلے راؤنڈ میں چھٹی پوزیشن حاصل کی، ان کے ساتھی خلیل اختر 16 ویں نمبر پر رہے۔ اب پیر کو 25 میٹرز ریپڈ فائر پسٹل ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے مقابلے ہوں گے ، جس سے ٹاپ 6 شوٹر حتمی مرحلے میں تمغوں کے لیے مقابلہ کریں گے۔
غلام مصطفیٰ بشیر اولمپک کوٹے پر ٹوکیو گیمز میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے، انھیں اور خلیل اختر کو بھارت میں ہونے والے شوٹنگ ورلڈ کپ میں بھی حصہ لینا تھا لیکن دونوں کو ویزے نہیں مل سکے تھے۔ دوسری جانب خلیل اختر 2016 میں گوہاٹی میں منعقدہ ساؤتھ ایشین گیمز میں چاندی کا تمغہ جیت چکے ہیں۔
انھوں نے 2018 میں گولڈ کوسٹ آسٹریلیا میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں بھی چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی۔پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 22 رکنی دستے میں 10 ایتھلیٹس اور 12 آفیشلز شامل تھے۔ اب تک مقابلوں سے باہر ہونے والوں میں شوٹر گلفام جوزف، ویٹ لفٹر طلحہ طالب، بیڈمنٹن کھلاڑی ماحور شہزاد، تیراک محمد حسیب طارق اور بسمہ خان اور جوڈوکا شاہ حسین شاہ شامل ہیں۔
The post ٹوکیو اولمپکس؛ شوٹنگ میں پاکستانی امیدوں کا دیا اچانک جل اٹھا appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل