لندن: برطانوی ماہرین صحت نے سولہ اور سترہ سال کے نوجوانوں کو بھی کورونا ویکسین لگانے کے تجویز پیش کردی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق ماہرین صحت نے تجویز دی ہے کہ 16 اور 17 سال کے نوجوانوں کو بھی کورونا ویکسین لگوا لینی چاہیئے۔
برطانیہ کی مشترکہ کمیٹی برائے ویکسی نیشن اور امیونائزیشن (جے سی وی آئی) نے گزشتہ ماہ اس فیصلے پر عمل درآمد روکتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ابھی تک کم عمر نوجوانوں میں کورونا ویکسین کے فوائد اور اس سے لاحق خطرات کی جانچ کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگر اس تجویز پر عمل درآمد کیا گیا تو تقریباً 14 لاکھ نوجوان کورونا ویکسین سے مستفید ہوسکیں گے، تاہم ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہے کہ اس پر عمل درآمد کا آغاز کب سے ہوگا۔ وائٹ ہال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی وزرا کی جانب سے جے سی وی آئی کے اس مشورے کو منظور کرنے کی توقع ہے اور جلد ہی اس کا باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔
اس بارے میں اسکاٹ لینڈ کی وزیر نکولا اسٹرجن کا کہنا ہے کہ ہمیں جلد ہی جے سی وی آئی کی جانب سے 16 اور 17 سال کے نوجوانوں کو ویکسین لگوانے کے مشورے پر اپ ڈیٹ موصول ہونے کی امید ہے۔
اس سے قبل 18 سال سے کم عمر کے ایسے برطانوی نوجوانوں کو ویکسین لگوانے کی اجازت دی گئی تھی، جو صحت کے کسی مسئلے سے دوچارتھے یا ان کی قوت مدافعت کم زور تھی۔ برطانوی نیشنل ہیلتھ سروسز کے اعداد و شمار کے مطابق پورے انگلینڈ میں 18 سال ے کم عمر کے 2 لاکھ 23 ہزار 755 نوجوانوں کو ویکیسین کی پہلی خوراک لگائی جاچکی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا، کینیڈا اور فرانس میں 12 سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں اور نوجوانوں کو باقاعدگی سے ویکسین لگائی جارہی ہے۔
The post برطانیہ میں کم عمر نوجوانوں کو کورونا ویکسین لگانے کی تجویز appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » صحت