پیرااولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ حیدرعلی وطن واپس پہنچ گئے، والہانہ استقبال 

 لاہور: پیرااولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ حیدر علی ٹوکیو سے لاہور واپس پہنچ گئے، علامہ اقبال ائیرپورٹ پر صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی نے خوش آمدید کہا اور پھولوں کے ہار پہناکر مبارکباد دی۔

ائیرپورٹ پر استقبال کرنے والوں میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے نمائندے نصر اللہ رانا سمیت بڑی تعداد میں کھیلوں سے وابستہ افراد حیدر علی کے گھر والے اور ان کے دوست احباب بھی پہنچے، اس موقع پر حیدر علی زندہ باد، پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔

اس موقع پر قومی ہیرو حیدر علی نے کہا کہ قوم کی دعاؤں سے یہ میڈل جیتا، عوام کا شکر گزار ہوں، گولڈ میڈل جیتنا میرا خواب تھا، گھر میں رہ کر 5 سال تک خود ٹریننگ کی۔

گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے حیدر علی پیرا اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ انہوں نے ڈسکس تھرو ایونٹ میں پچہن عشاریہ چھبیس میٹر ڈسکس پھینک کر یہ گولڈ میڈل حاصل کیا، حیدر علی کی شاندار کارکردگی کو حکومتی اور عوامی سطح پر بہت سراہا جارہاہے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار جلد حیدر علی کو مدعو کرکے یہ انعامی چیک دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :علی کو 25 اور انعام بٹ کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان

گوجرانوالہ کے باہمت حیدر علی کامجموعی طورپر پیرا اولمپکس میں یہ تیسرامیڈل ہے، دوہزار آٹھ میں انہوں نے لانگ جمپ میں سلور میڈل جیتا، دوہزار بارہ میں وہ فٹنس مسائل کا شکارہوئے جبکہ دوہزار سولہ کے ریو پیرااولمپکس میں بھی حیدر علی نے لانگ جمپ میں کانسی کا تمغہ گلے میں ڈالا تھا، حیدر علی نے یہ کامیابی اور گولڈ میڈل پوری قوم کے نام کیا ہے۔

صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی کا کہنا ہے کہ حکومت باصلاحیت کھلاڑیوں کی ہرممکن حوصلہ افزائی کرتی رہے گی، حیدر علی پاکستان کا فخر ہیں، حکومت کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی بہبود کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔

The post پیرااولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ حیدرعلی وطن واپس پہنچ گئے، والہانہ استقبال  appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں