سری لنکن فاسٹ بولر لیستھ مالنگا نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سری لنکا کے فاسٹ بولر لیستھ مالنگا نے لکھا ’’ میں نے اب اپنے ٹی ٹوئٹی کے جوتے بھی لٹکادیے ہیں اور وہ اب آرام کریں گے‘‘۔
ٹی ٹوئنٹی اسپیشلٹ نے ٹیسٹ اور ون ڈے کے بعد اب ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا یعنی مالنگا اب کسی طرز کی کرکٹ میں ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے۔ فاسٹ بولر نے 2011 میں ٹیسٹ، 2019 میں ایک روزہ جب کہ رواں سال ہی فرنچائز کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
اپنی ٹوئٹ میں سری لنکا کے سابق کپتان نے کہا کہ میرے سفر کو کامیاب بنانے کے لیے میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرا بھرپور ساتھ دیا جب کہ میں آنے والے وقت میں اپنا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ شیئر کرنے کا انتظار کررہا ہوں۔
سری لنکا نے لیستھ مالنگا ہی کی کپتانی میں 2014 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اپنے نام کیا جب کہ انہوں نے سری لنکا کی جانب سے اپنا آخری ٹی ٹوئںٹی میچ گزشتہ سال مارچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔
یارکر کنگ کے نام سے شہرت پانے والے لیستھ مالنگا نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اب تک سب سے زیادہ 107 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں اور 2 ہیٹ ٹرک بھی ان کے ریکارڈ میں شامل ہیں
واضح رہے لیستھ مالنگا نے 33 ٹیسٹ میچز، 226 ون ڈے اور 84 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سری لنکا کی نمائندگی کرتے ہوئے 546 وکٹیں حاصل کیں۔
The post لیستھ مالنگا کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل