کراچی: آئی سی سی مینز انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ 14 جنوری سے 5 فروری تک ویسٹ انڈیز میں منعقد ہونے جارہا ہے۔
پاکستان سمیت 16 ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، 14 ویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان گذشتہ برس نومبر میں آئی سی سی نے جاری کردیا تھا، مستقبل کے سپراسٹارز اس ایونٹ سے عالمی منظرنامے پر ابھرتے ہیں، 2004 اور 2006 کی چیمپئن پاکستان نے 81 میچز میں 56 فتوحات سمیٹ کر ایونٹ کی تیسری کامیاب ترین سائیڈ کا اعزاز حاصل کررکھا ہے۔
ایونٹ کی 34 سالہ تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو ایونٹ کی تاریخ کا بلند ترین مجموعہ آسٹریلیا نے 2002 ایڈیشن میں کینیا کیخلاف 480 رنز بنارکھا ہے اور ان کی محض 6 وکٹیں گری تھیں، اسے ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ کے دوسرے بڑے ٹوٹل کا ریکارڈ بھی حاصل ہے، کینیا کی ٹیم 22 اوورز کے اندر محض 50 رنز پرڈھیر ہوگئی تھی، کریگ سمنز 155، شان مارش 125 رنز بناکر نمایاں رہے تھے، جورج بیلی نے 26 بالز پر 56 رنز بنارکھے ہیں، نیوزی لینڈ نے کرائسٹ چرچ میں کینیا کیخلاف 2018 میں 4 وکٹ پر 436 رنز بنارکھے ہیں۔
بھارت نے 2004 میں ڈھاکا پر اسکاٹ لینڈ کیخلاف 3 وکٹ پر 425رنز جوڑ رکھے ہیں، سری لنکا نے بھی کینیا پر 2018 میں 4 وکٹ پر 419 رنز بنارکھے ہیں، کمترین ٹوٹل آسٹریلیا کیخلاف اسکاٹ لینڈ کا 22 رنز پر ڈھیر ہوجانا ریکارڈ ہے، یہ ناخوشگوار واقعہ 2004 میں پیش آچکا ہے، آسٹریلیا نے فتح کے لیے درکار 23 رنز محض 3.5 اوورز میں بناکر 10 وکٹ سے کامیابی سمیٹی تھی، کیمرون ہیکٹ نے 7 رنز دیکر 4 وکٹیں لیں، کینیڈا، جاپان اور بنگلہ دیش یکساں طور پر 41، 41 رنز بناکر دوسرے کمترین ٹوٹل کے مشترکہ ریکارڈ پر ہے، بھارت 4 بار ٹائٹل جیتنے والی واحد ٹیم بنی ہوئی ہے۔
نیوزی لینڈ مجموعی طور پر ایونٹ کے 83 میں سے 63 میچز جیت کر نمایاں ہے، بنگلہ دیش نے دو برس قبل جنوبی افریقہ میں پہلی بار چیمپئن بننے کا اعزاز پایاتھا، وہ اس بار اعزاز کا دفاع کرکے لگاتار دو بار ٹائٹل جیتنے والی ٹیم بن سکتی ہے، 2004 اور 2006 کی چیمپئن پاکستان نے 81 میچز میں 56 فتوحات سمیٹ کر ایونٹ کی تیسری کامیاب ترین سائیڈ کا اعزاز حاصل کررکھا ہے۔
دوسری کامیاب ترین ٹیم آسٹریلیا ہے، جس نے 79 میں سے 57 کامیابی پائی ہیں، انگلینڈ ، جنوبی افریقہ ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش ایک ایک بار ٹائٹل اپنے نام کرپائے ہیں، تواتر سے فتوحات سمیٹنے کا ریکارڈ بھارت کے قبضے میں ہے، جس نے 2018 سے 2020 تک لگاتار 11 میچز جیتے ہیں، آسٹریلیا مسلسل 9 میچز جیت کر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ چار ٹیموں نے لگاتار 8 کامیابیاں سمیٹی ہیں، 21 اور 13 لگاتار ناکامیوں کا منفی ریکارڈ پاپوا نیوگنی کے نام ہے۔
The post انڈر 19 ورلڈ کپ؛ زیادہ فتوحات میں پاکستان کا تیسرا نمبر appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل