کراچی: پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے دوران اچھے کھلاڑیوں پر نظر ہوگی جو آگے چل کر پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بن سکیں۔
نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ وقت کے تقاضوں کے مطابق اپنی بیٹنگ میں نئے خطوط پر کام کر رہا ہوں، لیگ میں مقابلے دلچسپ اور سخت ہوں گے، اسپنرز کو کم کھیلنے کا موقع ملتا ہے اس لیے اسپن بولنگ کے خلاف پریکٹس پر توجہ دی ہے۔
بابراعظم نے کہا کہ چھ سال تک کراچی کنگز کیساتھ بطور فیملی جڑا رہا ہوں، کراچی والوں نے ہمیشہ مجھے پیار دیا ہے، کراچی کنگز کے خلاف مقابلہ سنسنی خیز رہے گا، پی ایس ایل کا آغاز اسلام آباد یونائیٹڈ سے کیا تھا، اب پشاورزلمی کا حصہ ہوں۔
پشاور زلمی کے کپتان کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض پی ایس ایل کے لیے دستیاب ہیں، تمام ٹیمیں مضبوط ہیں، جو اچھا کھیلے گی وہ جیتے گی، چند نئے شارٹس کی پریکٹس کی ہے، تمام فرنچائز ٹیموں کے لیے دعاگو ہوں، ایک دوسرے کیخلاف کھیلنے کا الگ ہی مزہ ہوتا ہے،پشاور زلمی کیساتھ پہلا سال ہے کوشش یہی ہے کہ ہم جیتیں۔
بابراعظم نے کہا بیٹنگ میں کچھ نیا کرنے کی کوشش ہے، پریکٹس میں کچھ تجربات کیے ہیں جن پر عمل کروں گا،کراچی کنگز کے پاس کوالٹی بولرز موجود ہیں، کوالٹی بولرز کیخلاف کھیلنے کا مزہ آتا ہے، سیکھنے کا عمل ہمیشہ جاری رہتا ہے، میچ میں فاسٹ بولر محمد عامر کے مدمقابل آنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم میں اچھے بولر اور اچھے بیٹر ہوتے ہیں،
کوئٹہ میں کھیلے جانے والے نمائشی میچ کا ذکر کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ ہر بولر کو چھکے لگتے رہتے ہیں، افتخار احمد اچھے بیٹر ہیں لیکن وہاب ریاض بھی اچھے بولر ہیں، چھکوں کا سب نے لطف اٹھایا، امید ہے کہ وہاب ریاض لیگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
The post پی ایس ایل میں اچھے کھلاڑیوں پر نظر ہوگی جو پاکستان ٹیم کا حصہ بن سکیں، بابراعظم appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل