ٹیکساس: دل کی بے ترتیب دھڑکن اگر مسلسل جاری رہے تو اس کا علاج برقی ’پیس میکر‘ ہوتا ہے لیکن اب گرافین پر مبنی ایک ایسا باریک ٹیٹو نما پیوند بنایا ہے جو اپنی توانائی روشنی سے لیتا ہے اور دل کی دھڑکن نوٹ کرتے ہوئے وقت پڑنے پر پیس میکر کا کام بھی کرسکتا ہے۔
آسٹن میں واقع جامع ٹیکساس اور نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے مشترکہ طور پر اسے تیار کیا ہے۔ یہ بال سے بھی باریک ہے اور دل پر کسی ٹیٹو کی طرح چپک جاتا ہے۔ اپنی جسامت کی بنا پر یہ دل پر بوجھ نہیں بنتا اور روشنی سے توانائی لیتے ہوئے مسلسل دل کی دھڑکن پر نظر رکھتا ہے۔ اگر دل کے برقی سگنل متاثرہوتے ہیں تو یہ ازخود بجلی خارج کرکے دھڑکن کی بے ترتیبی (اردمیا) کو ٹھیک کرسکتا ہے۔
اگرچہ اس کا باقاعدہ مروجہ علاج پیس میکر ہی ہے لیکن اپنے وزن اور جسامت کی بنا پر ان کے کئی نقصانات بھی ہیں۔ یہ نیا گرافین ٹیٹو بنیادی طور پر بہت ہلکا پھلکا اور باریک ہے۔ لچکدار ہونے کی بنا پر یہ مڑکر دل پر چپک سکتا ہے لیکن دل دھڑکن کے ارتعاش کو برداشت کرسکتا ہے۔
اسے دل کا ای ٹیٹو کہا گیا ہے جو دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر مانیٹر کرتا ہے۔ سب سے بڑھ کر دل کی برقی سرگرمی کو بھی نوٹ کرتا رہتا ہے۔ اس کی مجموعی موٹائی صرف 100 مائیکرون ہے جبکہ انسانی بال کی موٹائی لگ بھگ 70 مائیکرون تک ہوتی ہے۔
فی الحال انہیں چوہوں پر آزمایا گیا ہے جہاں ان کی افادیت سامنے آئی ہے۔ ایک ٹیٹو 60 روز تک کام کرتا رہا اور خیال ہے کہ اسے باقاعدہ پیس میکر کی تنصیب سے قبل مریض کو بہتر رکھنے کے لیے عارضی طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
The post روشنی سے کام کرنے والا اسٹیکرجو دل کی دھڑکن توازن میں رکھتا ہے appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » صحت