کراچی: بسمہٰ خان کا سوئمنگ پول پر راج قائم ہوگیا، آرمی کی تیراک نے 5 انفرادی سمیت 8 گولڈ میڈلز جیت لیے۔
پاکستان آرمی 34 ویں نیشنل گیمز کی فاتح بن گئی، پاک فوج نے اعزاز کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے قائد اعظم ٹرافی اپنے پاس ہی رکھنے کی حق پالیا، کوئٹہ میں جاری گیمز میں پاکستان آرمی نے اپنی واضح سبقت دکھاتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پاکستان واپڈا دوسری پوزیشن پر براجمان ہوگئی جبکہ پاکستان نیوی تیسرے نمبر پر رہی، پیر کو مقابلوں کا آخری روز ہے، گیمز کی اختتامی تقریب منگل کو ایوب اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔
25 ویں مرتبہ گیمز جیتنے والی آرمی کی یہ مسلسل20 ویں فتح ہے، گیمز میں اتوار کو بھی آرمی نے اپنی اجارہ داری برقرار رکھی، آرمی نے مردوں اور خواتین کی سوئمنگ چیمپئن شپ جیت لیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل گیمز؛ جیولین تھرو میں ارشد ندیم کا راج، گولڈ میڈل پر قبضہ
آرمی کی بسمہ خان نے 5 انفرادی سمیت 8 گولڈ میڈلز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا اور بہتریں خاتون پیراک قرار پائیں، مردوں کی پیراکی کے مقابلوں میں آرمی نے 17 گولڈ، 12 سلور اور 4 برانز میڈلز جیتے، واپڈا نے 2 گولڈ، 3 سلور اور 4 برانز میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن پائی۔
پنجاب ایک گولڈ، ایک سلور اور 7 برانز میڈلز جیتنے میں کامیاب رہا، سندھ نے 4 سلور اور ایک برانز میڈل اپنے نام کیا، ایچ ای سی نے 4 برانز میڈل جیت لیے، پاکستان نیوی حیرت انگیز طور پر ایک بھی میڈل نہ جیت سکی۔
سندھ کے سید اذلان سہیل نے 4 سو میٹرز فری اسٹائل اور 2 سو میٹرز انفرادی میڈلے میں دوسری پوزیشن کے ساتھ 2 سلور میڈلز جیت لیے، خواتین کے مقابلوں میں آرمی کی پیراک چھائی رہیں اور 16 طلائی، 7 نقرئی اور 3 کانسی کے تمغے جیتنے میں کامیاب رہیں، سندھ نے بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے 4 گولڈ، 5 سلور اور 5 برانز میڈلز جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل گیمز؛ رسہ کشی مقابلے میں شکست، اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیا
نیوی نے 6، واپڈا نے 4 اور ایچ ای سی نے ایک برانز میڈل جیتا، آرچری مقابلوں میں آرمی نے 3 گولڈ، 3 سلور اور 2 برانز میڈلز جیت لیے، آرمی کی اقرا فاروق نے 2 گولڈ میڈلز اپنے گلے کی زینت بنائے، ویمن ایونٹ جیتنے والی اقرا فاروق مکسڈ ڈبلز ایونٹ کی فاتح ٹیم کا بھی حصہ بنیں، واپڈا نے 2 سلور اور 2 برانز میڈلز جیتے جبکہ خیبر پختون خواہ، پنجاب اور ایچ ای سی نے 1،1 برانز میڈل حاصل کیا۔
ووشو میں خواتین کے مقابلوں میں ہنزہ سے تعلق رکھنے والی دو سگی بہنوں نے گولڈ میڈلز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، ملیحہ نے 65 کلو گرام اور منیشا نے 70 کلو گرام کے درجات میں فاتح بن کر گولڈ میڈلز جیتے، مردوں کے ایتھلیٹکس مقابلوں میں پاکستان آرمی نے 7 گولڈ، 3 سلور اور ایک برانز میڈل جیت لیا، سو میٹرز کی دوڑ جیت کر تیز ترین ایتھلیٹ بننے والے آرمی نے نعیم اختر نے 2 سو میٹرز کی دوڑ میں بھی گولڈ میڈل جیت لیا۔
5 ہزار میٹر کی دوڑ میں سلور میڈل پانے والے آرمی کے سہیل عامر نے15 سو میٹرز اور 10 ہزار میٹر کی دوڑ جیت کر 2 گولڈ میڈلز بھی حاصل کرلیے،آرمی کے اسرار محمود نے 24 کلو میٹر کی میراتھن 2 گھنٹے 41 منٹ اور 32 سیکنڈ میں جیت کر گولڈ میڈل حاصل کیا، سندھ کے محمد ساجد دوسری پوشین کے ساتھ سلور میڈل پانے میں کامیاب رہے۔
مزید پڑھیں: 34 ویں نیشنل گیمز میں 16 گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوگیا
واپڈ کے شہروز خان نے ہائی جمپ اور پی اے ایف کے شمس الحق نے ڈسکس تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا،آرمی نے 4 بائی 100 میٹر ریلے ریس میں گولڈ میڈل جیت لیا، خواتین کے ایتھلیٹکس مقابلوں میں واپڈا کو سبقت مل گئی۔
واپڈا نے 7 گولڈ، 6 سلور اور 5 برانز میڈلذ جیت لیے، آرمی نے 4 گولڈ، 6 سلور اور 4 برانز میڈلز پرہاتھ صاف کیا، ایچ ای سی 3 گولڈ ، 2 سلور اور 3 برانز میڈلز جیتنے میں کامیاب رہی، پنجاب اور سندھ کو ایک برانز پر ااکتفا کرنا پڑا، واپڈا سے تعلق رکھنے والی گیمز کی تیز ترین خاتوں ایتھلیٹ ایشا عمران نے 4 سو میٹر کی دوڑ بھی جیت کر تیسرا گولد میڈل اپنے نام کیا،واپڈا کی فرحت بانو 10 ہزار میٹرز کی دوڑ میں فاتح رہیں۔
واپڈا ہی نے 4 بائی سو میٹر ریلے ریس میں گولڈ میڈل جیت لیا، ریسلنگ میں واپڈا نے 5گولڈ میڈل جیتے، پنجاب ایک گولڈ کے ساتھ دوسرے اور آرمی 3 سلور میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، اسکواش میں مردوں کے انفرادی مقابلوں کے سیمی فائنل میں واپڈا کے ناصر اقبال نے پی اے ایف کے محمد عماد اور آرمی کے اشعب عرفان نے پی اے ایف کے وقاص محبوب کو شکست دے دی۔
خواتین کے سیمی فائنل میں واپڈ کی مہوش علی نے پنجاب کی روشنا محبوب جبکہ آرمی کی آمنہ فیاض نے واپڈا کی نور العین کو ہرا دیا۔ٹیبل ٹینس کے مینز ڈبلز میں واپڈا نے پنجاب اور ویمنز ڈبلز میں آرمی کو ہرا کر گولد میڈلز جیت لیے، مکسڈ ڈبلز میں آرمی کی حور فواد اور فیضان ظہور نے آرمی ہی کے شاہ خان اور حائفہ حسن کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا۔
The post نیشنل گیمز؛ بسمہٰ خان کا سوئمنگ پول پر راج، 8 گولڈ میڈلز جیت لیے appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل