حفیظ نے چیف سلیکٹر بننے میں عدم دلچسپی ظاہر کردی

  کراچی: پی سی بی کو قومی کرکٹ ٹیم کیلیے چیف سلیکٹر کی تلاش ہے جب کہ محمد حفیظ نے عدم دلچسپی ظاہر کر دی۔

سابق مینجمنٹ کمیٹی نے ہارون رشید کو چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا،وہ ذمہ داریوں سے فارغ ہو چکے ہیں،نئی کمیٹی کو اب چیف سلیکٹر کی تلاش ہے، گزشتہ دنوں محمد حفیظ کے ساتھ اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا مگر انھوں نے کوئی دلچسپی نہیں دکھائی، وہ گراس روٹ لیول پر ہی کام کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سابق کپتان محمد حفیظ کےلیے بڑا اعزاز

راشد لطیف نے تو دیگر مصروفیات کی وجہ سے کوئی بھی عہدہ سنبھالنے سے معذرت کر لی تھی، بورڈ حکام کو قریبی شخصیات نے معین خان کا نام بھی پیش کیا، گوکہ ابھی ان سے چیئرمین کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ معین خان اپنے بیٹے اعظم خان کی وجہ سے فی الحال ملکی کرکٹ سے وابستہ ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے، انھیں لگتا ہے کہ اگر کوئی عہدہ سنبھالا تو بیٹے کا کیریئر متاثر ہو سکتا ہے اور وہ غیرضروری دباؤ کا شکار ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ذکا اشرف کی محمد حفیظ کو پی سی بی میں چیف سلیکٹر کی پیشکش

ایشیا کپ اور ورلڈکپ قریب ہونے کی وجہ سے بعض سابق کرکٹرز چیف سلیکٹر کی ذمہ داری سنبھالنے میں ہچکچاہٹ کا بھی شکار ہیں، انھیں خدشہ ہے کہ اگر ٹیم کی کارکردگی اچھی نہ رہی تو ملبہ گرا دیا جائے گا۔

حکام چاہتے ہیں کہ جدید کرکٹ سے واقف کوئی اسٹار ہی اس پوسٹ پر آئے، مصباح الحق مستقبل قریب میں کوئی اہم ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں، ذکا اشرف کی آئی سی سی میٹنگز کیلیے جنوبی افریقہ روانگی کے سبب معاملہ تاخیر کا شکار ہو گیا تھا، اب وہ آئندہ چند دنوں میں بعض سابق اسٹارز سے ملاقات کریں گے،اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ ہوگا۔

The post حفیظ نے چیف سلیکٹر بننے میں عدم دلچسپی ظاہر کردی appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں