آئی ٹی کمپنی کی سلور جوبلی تقریب میں کمپنی کا مالک اسٹیج پر پیش آنیوالے حادثے میں ہلاک

 حیدرآباد: آئی ٹی کمپنی کی سلور جوبلی سالگرہ کی تقریب میں کمپنی کا مالک اسٹیج پر پیش آنیوالے حادثے میں ہلاک ہوگیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا بیسڈ بھارتی آئی ٹی کمپنی ’وسٹیکس‘ کی سلور جوبلی ساگرہ کی تقریب کے موقع پراسٹیج پر پیش آنے والے افسوس ناک حادثے میں کمپنی کے سی ای او 56 سالہ سنجے شاہ ہلاک ہوگئے۔

یہ حادثہ بھارت کے شہر حیدرآباد میں راموجی فلم سٹی میں جمعرات کی شام کو پیش آیا جس میں کمپنی کے سی ای او کو دلچسپ انداز میں اسٹیج پر لانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا جو بدقسمتی سے انکی موت کی وجہ بن گیا۔

سی ای او سنجے شاہ کو لوہے کے پنجرے کے ذریعے اونچائی سے اسٹیج پر اتارا جارہا تھا کہ پنجرے کو سہارا دینے والی زنجیر ٹوٹ گئی جس سے سنجے شاہ اور انکے ساتھ موجود راجو داتلا 15 فٹ کی بلندی نیچے آ گرے۔

دونوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سنجے شاہ نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا جبکہ راجو کی حالت تشویشناک ہے۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی ہے جس میں دونوں افراد کو کمپنی ملازمین کے بڑی تعداد کے سامنے گرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

کمپنی کے ایک اہلکار نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ سنجے شاہ کو پنجرے سے نیچے اسٹیج پر لانا پلان کا حصہ تھا۔ اچانک پنجرے سے جڑی زنجیر ٹوٹنے سے حادثہ پیش آیا۔

پولیس نے ایونٹ مینجمنٹ حکام کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ممبئی میں پیدا ہونے والے سنجے شاہ نے آئی ٹی کمپنی ویسٹیکس کی بنیاد  1999 میں رکھی تھی جس کے دنیا بھر میں 20 دفاتر اور 2 ہزار سے زائد ملازمین ہیں۔

سنجے شاہ 17 سال کی عمر میں امریکا چلے گئے تھے۔ انہوں نے 21 سال کی عمر میں پنسلوانیا کی Lehigh یونیورسٹی سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی تھی۔
 

The post آئی ٹی کمپنی کی سلور جوبلی تقریب میں کمپنی کا مالک اسٹیج پر پیش آنیوالے حادثے میں ہلاک appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » دلچسپ و عجیب

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں