ہیوسٹن، امریکہ: اگر آپ جراثیم اور بیکٹیریا سے محتاط رہتے ہوئے ان سے بچنا چاہتے ہیں یا کوئی مریض جراثیم سے دور رہ کر ہی صحت مند رہ سکتا ہے تو ایک ہاتھ میں سما جانے والا ’کلینس روبوٹ‘ ان کے لیے ہی تیار کیا گیا ہے۔
اسی طرح مسلسل سفر کرنے والے لوگ ہوٹلوں میں ٹھہرتے ہیں اور وہاں کے ماحول میں بیکٹیریا اور جراثیم موجود ہوتے ہیں جن کو کسی طرح صاف نہیں کیا جاسکتا تاہم کلینس روبوٹ اس ضمن میں نہایت کارآمد ہے اور ای کولائی نامی بیکٹیریا کی 99.99 مقدار کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس روبوٹ کی خاص بات یہ اس میں موجود الٹرا وائلٹ روشنی خارج ہوتی ہے جو فوری طور پر کپڑے سے لے کر اسمارٹ فون کے اسکرین کو بھی صاف کرتی ہے۔ امریکا اور یورپ کے لوگ جراثیم اور بیکٹیریا سے بطورِ خاص خوف کھاتے ہیں لیکن ہسپتال کےماحول میں ان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس کے تباہ کن اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
یونیورسٹی آف ہیوسٹن کے مطابق سائنسدانوں نے ہوٹل کے کمروں میں 19 سطحوں کا بغور جائزہ لے کر انکشاف کیا کہ ہوٹلوں میں جراثیم کی سب سے زیادہ مقدار بلب کے سوئچ اور ٹی وی ریموٹ پر پائی جاتی ہے۔ ان ماہرین نے ہوٹل کے مرکزی کمروں میں روشنی کے سوئچ پر فی مربع سینٹی میٹر ، بیکٹیریا کی 112 کالونیاں یا جتھے دیکھے ہیں حالاں کہ ہسپتالوں میں تو فی مربع سینٹی میٹر بیکٹیریا کی پانچ کالونیاں بھی برداشت نہیں کی جاتیں۔
اس موقع پر کلینس بوٹ مصنوعی ذہانت اور اپنے اندر نصب 18 سینسر کی مدد سے کام کرتا ہے۔ علاوہ ازیں کلینس بوٹ میں چار عدد یووی (الٹراوائلٹ) روشنی خارج کرنے والے بلب لگے ہیں جو کسی بھی سطح سے جراثیم اور بیکٹیریا کی 99.99 فیصد مقدار کو صاف کردیتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ اسے ہوٹل میں ٹھہرنے یا رہنے والے افراد کے لیے بطورِ خاص تیار کیا گیا ہے جسے وہ اپنے سفری بیگ میں رکھ سکتے ہیں۔ بس اتنا کیجیے کہ چارج شدہ کلینس بوٹ کو 30 یا 60 منٹ کے لیے بستر پر چھوڑ کر آن کردیجیے اور یہ خود بستر کے ایک کنارے سے دوسرے تک کی صفائی کردیتا ہے۔ اسی طرح لحاف اور رضائیوں کو بھی جراثیم سے پاک کرسکتا ہے۔
کلینس بوٹ اس وقت کراؤڈ فنڈنگ سے گزررہا ہے اور اس کی تعارفی قیمت 99 ڈالر رکھی گئی ہے۔
The post فون سے لے کر بستر تک کو جراثیم سے پاک کرنے والا روبوٹ appeared first on ایکسپریس اردو.