دبئی: درہم برہم شیڈول کے باوجود آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل وقت پر کرانے کیلیے بضد ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے واضح کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے شیڈول متاثر ہونے کے باوجود ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل اپنے طے شدہ وقت پر آئندہ برس جون میں ہی منعقد ہوگا۔ عالمی وبا کی وجہ سے ٹیسٹ میچز کا شیڈول بْری طرح درہم برہم ہوا ہے، پاکستانی ٹیم کوابھی بنگلادیش سے اپنا ایک میچ کھیلنا ہے۔
انگلینڈ کا دورہ سری لنکا ملتوی ہونے کے بعد جنوری میں ری شیڈول ہوا مگر اس پر بدستور غیریقینی موجود ہے، بنگال ٹائیگرز کا آئی لینڈ کا دورہ غیرمعینہ مدت کیلیے ملتوی ہوچکا، اسی طرح ان کی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے سیریز بھی متاثر ہوئی ہیں،اس کے باوجود آئی سی سی کے ترجمان نے کہاکہ منصوبہ بندی بدستور جاری ہے، آنیوالے دنوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے مل بیٹھنے سے صورتحال زیادہ واضح ہوگی،اس حوالے سے اعلان جلد کیا جائیگا۔
ترجمان نے نامکمل دورانیے کی صورت میں پوائنٹس سسٹم کے طریقہ کار کی وضاحت سے گریز کیا۔
یاد رہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ دورانیے میں شریک تمام 9 ٹیموں کو ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر 6 سیریز کھیلنی ہیں،اس وقت ٹیبل کے ٹاپ پر موجود بھارت 4 سیریز کھیل چکا، دوسرے نمبر کی آسٹریلوی ٹیم نے اس سے ایک کم سیریز کھیلی ہے۔
اسی طرح تیسرے نمبر پر موجود انگلینڈ بھی 4 سیریز کھیل چکا، چوتھی پوزیشن کی کیوی ٹیم نے 3 اور چوتھے نمبر پر موجود پاکستان نے 4 سیریز کھیلی ہیں، دیگر ٹیموں سری لنکا، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش نے صرف 2، 2 سیریز میں حصہ لیا۔
گزشتہ دنوں انگلش بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے موجوہ صورتحال میں ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کی میزبانی لاجسٹک طور چیلنجنگ ثابت ہوگی۔
The post ٹیسٹ چیمپئن شپ؛ آئی سی سی فائنل وقت پر کرانے کیلیے بضد appeared first on ایکسپریس اردو.
شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل