پاکستان کا انتظار ختم؛ جنوبی افریقا نے دورے کیلئے گرین سگنل دے دیا

 لاہور: انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کی منسوخی کے باوجود جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع برنی نے نمائندہ ایکسپریس سے نیشنل اسٹیڈیم  میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقا نے12 برس کے بعد اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے، بورڈ کی جانب سے شیڈول بھیجنے میں تاخیرضرور ہوئی لیکن جنوبی افریقا کا دورہ پاکستان شیڈول کے مطابق ہوگا، جنوبی افریقہ نےدورہ پاکستان میں 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں، ٹیسٹ سیریز افتتاحی آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چیمپئین شپ کا حصہ ہوگی۔

سمیع برنی نے کہا کہ کوویڈ 19 سے پوری دنیا متاثر ہورہی ہے،اسی تناظر میں انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان  ون ڈے انٹرنیشنل سیریز منسوخ  کی گئی، بظاہر کوئی وجہ نہیں کہ جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم پاکستان نہ آئے تاہم مستقبل میں صورتحال کے تناظر میں سیریز ملتوی ہوجائےتو کچھ کہا نہیں جاسکتا، لیکن یہ امر طے ہے کہ دورہ پاکستان میں  مہمان ٹیم کوایس اوپیز پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں ؛پاکستان کو جنوبی افریقہ کے گرین سگنل کا انتظار

انہوں نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورہ پاکستان کے بعد ہوم گراؤنڈ پر مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی کوششوں کو تقویت ملی ہے، آخری مرتبہ اکتوبر 2007 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی اگلے ماہ آمد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہیں کھلیں گی۔

ایک سوال کے جواب میں پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا نے اپنے بھر پوریقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگلے برس پاکستان  کرکٹ ٹیم جنوبی افریقا کا جوابی دورہ کرے گی، اس دوران 3 ون ڈے انٹرنیشنل اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے، ون ڈے سیریز آئی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوگی۔

The post پاکستان کا انتظار ختم؛ جنوبی افریقا نے دورے کیلئے گرین سگنل دے دیا appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں