آئی سی سی نے بھارتی کرکٹر رویندر جدیجا پر جرمانہ عائد کردیا

ناگپور: بھارتی آل راؤنڈر رویندر جدیجا پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ عائد کردیا گیاہے۔

آسٹریلیا کے خلاف ناگپور میں کھیلے گئے ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں رویندر جدیجا کو کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.20 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا جس کے نتیجے میں ان پر 25 فی صد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

ساتھ ہی رویندر جدیجا کے ڈسپلینیری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ بھی کر دیا گیا۔ یہ 24 مہینے کے عرصے میں ان کی جانب سے کی جانے والی پہلی خلاف ورزی ہے۔

یہ واقعہ جمعرات 9 فروری کو آسٹریلیا کی پہلی اننگ کے46 ویں اوور کے دوران پیش آیا جب رویندر جدیجا کو انگلی پر مرہم لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ بائیں ہاتھ کے اسپنر نے محمد سراج کی ہتھیلی سے مرہم لے کر اپنے بائیں ہاتھ کی پہلی انگلی پر لگایا۔

بھارتی ٹیم کی جانب سے واضح کیا گیا کہ جس ہاتھ سے بولر گیند کراتے ہیں اس ہی ہاتھ کی انگلی پر سوجن کی وجہ سے مرہم لگایا گیا۔ تاہم، یہ میدان میں موجود امپائروں کی اجازت کے بغیر کیا گیا۔

بھارتی آل راؤنڈر نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے میچ ریفری اینڈی پائیکروفٹ کی جانب سے میچ فیس پر 25 فی صد جرمانے کو قبول کر لیا۔

میچ ریفری کو بتایا گیا کہ مرہم کو گیند کی شکل بدلنے کےلیےنہیں بلکہ طبی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔

واضح رہے بھارتی اسپنرز کی تباہ کن بولنگ کے سبب آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میں اننگ اور 132 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

The post آئی سی سی نے بھارتی کرکٹر رویندر جدیجا پر جرمانہ عائد کردیا appeared first on ایکسپریس اردو.



شکریہ ایکسپریس اردو » کھیل

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

ویب سائٹ کے بارے میں